Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ٹیکس چور خبردار، اب بچنا مشکل، حکومت نے بڑا فیصلہ کرلیا

حکومت نے ٹیکس چوروں سے متعلق بڑا فیصلہ کر لیا ہے۔

وزیرِ اعظم نے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی راہ میں حائل رکاوٹوں کی نشاندہی اور ذمہ داران کے تعین کیلئے انکوائری کمیٹی کے قیام کی ہدایت کر دی ہے۔

 انکوائری کمیٹی آئندہ سات دن میں ٹریک ایند ٹریس سسٹم کے مکمل فعال ہونے کی راہ میں حائل رکاوٹوں اور ٹیکس چوری میں ملوث افراد کی نشاندہی کرے گی۔

 کمیٹی کارخانوں میں ٹیکس کے خودکار نظام کے اطلاق کیلئے آئندہ کے لائحہ عمل پر تجاویز بھی دے گی۔

 وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے استفسار کیا کہ ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم مکمل طور پر فعال کیوں نہ ہو سکا؟ تمباکو، چینی، سیمنٹ اور کھاد کی صنعت میں گزشتہ دو برس میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کو مکمل بحال ہو جانا چاہیے تھا۔

انہوں نے کہا کہ ان چار بڑے شعبوں کے علاوہ باقی اہم شعبوں میں بھی ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم لگایا جائے۔

شہباز شریف نے ہدایات جاری کیں کہ ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے نفاذ میں حائل تمام قانونی رکاوٹوں کو دور کیا جائے۔ سیمنٹ کے کارخانوں کی تمام پروڈکشن لائنز پر سسٹم کا نفاذ یقینی بنایا جائے۔

وزیرِاعظم نے کہا کہ ایسے تمام کارخانے جو ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم لگانے سے انکاری ہوں، انہیں فوری طور پر سیل کیا جائے۔

Exit mobile version