Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان اور الجیریا کے مابین مختلف شعبوں میں باہمی تجارت کو فروغ دینے کے بہترین مواقع موجود ہیں، عاطف اکرام شیخ

صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان اور الجیریا کے مابین مختلف شعبوں میں باہمی تجارت کو فروغ دینے کے بہترین مواقع موجود ہیں۔

 پاکستان چیمبر آف کامرس کے صدر عاطف اکرام شیخ کی الجیریا کے سفیر ڈاکٹر براہیم رومانی سے فیڈریشن آفس میں ملاقات ہوئی۔

اس موقع پر عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ پاکستان اور الجیریا کے مابین مختلف شعبوں میں باہمی تجارت کو فروغ دینے کے عمدہ مواقع موجود ہیں، ’لوک افریقہ پالیسی‘ پر وزارت تجارت کا اقدام افریقی ممالک کے ساتھ گہرے تعلق کے لیے ایک اہم قدم تھا۔

انہوں نے کہا کہ باہمی تجارت کو بہتر کرنے کا سب سے بہتر طریقہ دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان براہ راست روابط کو فروغ دینا ہے، جون میں پاکستان الجیریا اکنامک فورم کو فیڈریشن آف پاکستان لیڈ کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ مشترکہ بزنس کونسل کے قیام سے تجارت، ترقیاتی منصوبوں، ٹیکنالوجی کے تبادلے میں اقتصادی تعاون کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔

عاطف اکرام شیخ کے مطابق پاکستان کے پاس الجزائر میں پانچ بلین امریکی ڈالر کی غیر استعمال شدہ برآمدی صلاحیت ہے جس میں اناج، آلات جراحی، ٹیکسٹائل، سبزیاں اور پھل، دواسازی کی مصنوعات، تانبا، جوتے، کٹلری، ایلومینیم، فرنیچر، اور مکینیکل آلات شامل ہیں دونوں ملکوں کے سرمایہ کاروں کو چاہیے کہ وہ جوائنٹ وینچرز اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں۔

صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس نے کہا کہ کاروباری شعبوں میں متواتر وفود کے تبادلوں کے ذریعے تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کئے جا سکتے ہیں۔

الجیرین سفیر ڈاکٹر براہیم رومانی نے اس موقع پر کہا کہ ہم پہلے پاکستان الجیریا اکنامک فورم کا انعقاد  کر رہے ہیں جس میں پاکستان کی بزنس کمیونٹی کو شرکت کی دعوت دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افریقہ پالیسی کے تحت تعاون کی نئی راہیں کھلنے سے بہتر روابط اور تجارتی تعاون میں مدد ملے گی پاکستان کی بزنس کمیونٹی کیلئے  اچھا موقع ہے کہ وہ اکنامک فورم  میں شرکت کر کے الجیریا کے ساتھ کاروبار کوفروغ دینے کے نئے مواقع تلاش کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے چیمبرز آف کامرس کو مقامی کاروباری برادری کے لیے مزید قدر پیدا کرنے کے لیے خود کو شامل کرنا چاہیے، فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور الجیرین چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے درمیان ایم او یو تعاون کی نئی راہیں کھولنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

اس موقع پر چیئرمین کیپٹل آفس کریم عزیز ملک،نائب صدر ذکی اعجاز، کنونئیر ڈپلومیٹک کمیٹی احمد وحید، اعجاز کھوکھر، اسپیشل ایڈوائزر ڈاکٹر افشاں ملک و دیگر بھی موجود تھے۔

Exit mobile version