Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

صدر ایف پی سی سی آئی کا ونٹر پیکج کے تحت بجلی کی قیمتوں میں ریلیف کا خیر مقدم

صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے ونٹر پیکج کے تحت بجلی کی قیمتوں میں ریلیف کا خیر مقدم کیا ہے۔

 صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ کا کہنا ہے کہ حکومت کا ونٹر پیکج خوش آئند ہے، بجلی کے بعد گیس قیمتوں کو بھی پیکج کا حصہ بنایا جائے، بزنس کمیونٹی حکومت کی جانب سے 3 ماہ کیلئے ونٹر پیکج کے اعلان کا خیر مقدم کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بجلی سہولت پیکج سے انڈسٹری کو فائدہ ہوگا جو برآمدات میں اضافے کیلئے اشد ضروری ہے، حریف ممالک کے مقابلے میں خطے میں سب سے زیادہ مہنگی بجلی پاکستان میں ہے، بجلی سہولت پیکج کے نتیجے میں ملکی معیشت بحال ہوگی اور صنعتوں پر دباؤ بتدریج کم ہو گا۔

 عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ حکومت ونٹر پیکج کے دورانیہ کو 3 کے بجائے ساڑھے 4 ماہ دسمبر سے 15 مارچ تک توسیع دے، دورانیہ بڑھانے سے ونٹر پیکج کے اثرات سے چھوٹی اور بڑی صنعتیں بہتر طریقے سے مستفید ہو سکیں گی۔

صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ حکومت بجلی سہولت پیکج کو بغیر شرائط کے تمام برآمدی صنعتوں تک مساوی رسائی کو یقینی بنائے، فیڈریشن اقتصادی ترقی اور برآمدی مسابقت کے فروغ کیلئے حکومت کیساتھ تعاون کیلئے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ صنعتوں کیلئے پیداواری لاگت میں کمی سے عالمی منڈی میں پاکستانی مصنوعات کو فروغ ملے گا، آئی پی پیز سے نئے معاہدوں کے ذریعے حکومت کو بجلی قیمتوں کے طویل مدتی حل کی طرف جانا چاہیے۔

Exit mobile version