Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام کے لیے وفاقی حکومت کا بڑا اقدام

وزارت خزانہ نے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے مستقبل میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے پیٹرولیم پرائسز اسٹیبلائزیشن فنڈ قائم کردیا ہے جب کہ وزارت خزانہ نے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔

وزارت خزانہ کے مطابق وفاقی کابینہ کے 5 جون 2026 کے فیصلے کی روشنی میں پیٹرولیم پرائسز اسٹیبلائزیشن فنڈ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس کا مقصد مستقبل میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے اتار چڑھاؤ سے نمٹنے کے لیے مالی انتظام کو مؤثر بنانا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق فنڈ کے لیے وفاقی حکومت کے عوامی کھاتے میں ایک علیحدہ اکاؤنٹ ہیڈ مختص کیا جائے گا جب کہ فنڈ میں موصول ہونے والی تمام رقوم اسی مخصوص اکاؤنٹ میں جمع ہوں گی۔

وزارت خزانہ نے بتایا کہ فنڈ کے انتظامی اور عملی طریقہ کار کو حتمی شکل وزارت خزانہ، پیٹرولیم ڈویژن اور آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی مشترکہ طور پر دیں گے۔

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ فنڈ سے متعلق تمام قانونی اور مالی منظوری علیحدہ سے حاصل کی جائے گی جس کے بعد اسے مکمل طور پر فعال کیا جائے گا۔