Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان میں غربت اور بے روزگاری میں اضافہ؛ ہر چھٹا شخص روزگار سے محروم ہے، عالمی بینک

ملک میں غربت کی شرح 22 فیصد سے بڑھ کر 29 فیصد تک پہنچ گئی

اسلام آباد: عالمی بینک کی اقتصادی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ پاکستان میں سال 2018 کے بعد سے مارکیٹ میں داخل ہونے والا ہر چھٹا شخص روزگار سے محروم ہے۔

رپورٹ کے مطابق ملک میں غربت کی شرح 22 فیصد سے بڑھ کر 29 فیصد تک پہنچ گئی، شدید مہنگائی اور سست معاشی و پیداواری نمو کے باعث غربت میں 7 فیصد کا بڑا اضافہ ہوا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ اقتصادی ترقی سے روزگار کے مواقع پیدا نہیں ہو رہے، ملک میں غربت کی شرح میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ سالانہ 36 لاکھ افراد کام کرنے کی عمر کو پہنچ رہے ہیں۔ سال 2024 میں بے روزگاری کی شرح 7.0 فیصد ریکارڈ کی گئی جس میں زیادہ تعداد خواتین اور نوجوانوں کی ہے۔

اس کے علاوہ سال 2018 کے بعد سے اب تک 1 کروڑ 77 لاکھ نئی ملازمتیں پیدا ہوئیں، نئی ملازمتیں زیادہ تر کم تنخواہ اور کم پیداواری شعبوں میں ہیں۔

عالمی بینک کی رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ سال 2014 سے 2024 کے دوران لیبر کی سالانہ پیداواری نمو صرف 0.4 فیصد رہی۔