وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے چھوٹے کاروباروں، کسانوں اور گھر بنانے کے خواہش مند افراد کو آسان قرضوں کی فراہمی تیز کرنے کی ہدایت کردی، جبکہ مختلف حکومتی اسکیموں کے تحت اربوں روپے کے قرضوں کی منظوری اور تقسیم کی تفصیلات بھی سامنے آگئیں۔
وزارت خزانہ کے مطابق وزیر خزانہ کی زیر صدارت رسائی برائے مالیات اسٹیئرنگ کمیٹی کے چھٹے اجلاس میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں (ایس ایم ایز)، زراعت، برآمدات، ہاؤسنگ اور الیکٹرک گاڑیوں کے لیے مالی سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ چھوٹے کاروباروں کے لیے قرضوں کا حجم ایک ہزار 148 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے، جبکہ 538 ارب روپے کی فنانسنگ فراہم کی جاچکی ہے۔ زرعی قرضوں کا حجم ایک ہزار 329 ارب روپے ہوگیا ہے اور تقریباً 35 لاکھ افراد اس سہولت سے مستفید ہورہے ہیں۔
وزارت خزانہ کے مطابق زرخیز آسان زرعی قرضہ اسکیم کے تحت 8 ارب 67 کروڑ روپے سے زائد کی درخواستیں منظور کی گئیں، جبکہ چھوٹے کسانوں کو 2 ارب 34 کروڑ روپے کے بلاسود ضمانتی قرضے فراہم کیے گئے۔
وزیراعظم کی اپنا گھر اسکیم کے تحت 511 ارب روپے کے قرضوں کی درخواستیں منظور ہوئیں، جن میں سے 15 ہزار 584 افراد کو 91 ارب روپے کے قرضے جاری کیے جاچکے ہیں۔ ملک میں ہاؤسنگ فنانسنگ کا مجموعی حجم 455 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے، جس سے 2 لاکھ 41 ہزار 500 افراد مستفید ہورہے ہیں۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ وزیراعظم کی الیکٹرک وہیکل اسکیم کے تحت 3 ارب 6 کروڑ روپے کے قرضوں کی درخواستیں منظور ہوئیں، جبکہ ایک ارب 9 کروڑ روپے سے زائد کے قرضے جاری کیے گئے اور 3 ہزار 263 الیکٹرک گاڑیاں صارفین کے حوالے کردی گئیں۔
وزیر خزانہ نے متعلقہ مالیاتی اداروں کو ہدایت کی کہ چھوٹے کاروباروں اور کسانوں کے لیے قرضوں کی تقسیم تیز کی جائے۔ اجلاس میں ڈیجیٹل کریڈٹ اسکورنگ، مالیاتی آگاہی اور اکاؤنٹنگ سہولیات بہتر بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا تاکہ کاروباری افراد، برآمد کنندگان اور محروم طبقات کو آسان مالی سہولیات تک رسائی مل سکے۔
