گردوں کی بیماری میں مبتلا پاکستان کے معروف گلوکار اسد عباس انتقال کر گئے ہیں۔
پاکستان سنگیت آئیکون وِنر، لکس میوزک ایوارڈ یافتہ، میکال حسن بینڈ کے سابق گلوکار اور کوک اسٹوڈیو 6 میں سُر بکھیرنے والے گلوکار اسد عباس انتقال کر گئے ہیں، گلوکار کے انتقال کی تصدیق ان کے بھائی حیدرعباس نے کی ہے۔
ستیانہ سے تعلق رکھنے والے گلوکار اسد عباس گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے، گزشتہ رات اسد عباس مزید طبیعت بگڑنے کی وجہ سے کومے میں چلے گئے تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستانی گلوکار اسد عباس حکومتی امداد کے منتظررہے ، گردے کے عارضے میں مبتلا گلوکار کو ڈاکٹرز نے کڈنی ٹرانسپلانٹ کا مشورہ دیا جس کے لیے پانچ کروڑ تک کی رقم درکار تھے۔
پاکستانی گلوکار اسد عباس نے نجی ٹی وی چینل کے شو میں فیصل آباد کے ڈائیلیسسز سنٹر سے شرکت کی تھی اور اپنی صحت کے حوالے سے بتایا تھا۔
اسد عباس نے کہا تھا کہ ان کی صحت کی موجودہ صورتحال یہ ہے کہ ہفتے میں4 سے5 مرتبہ ڈائیلیسسز ہوتا ہے ، پہلے ہفتے میں یہ عمل دو مرتبہ ہوتا تھا۔
انہوں نے کہا تھا کہ ہر چیز میں اللہ کی رضا ہے. میں اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں۔
اسد نے کہا تھا کہ 7 سال قبل ان کو بلڈ پریشر کی وجہ سے اس عارضے کا معلوم ہوا ۔ جب ٹیسٹ کروائے تو معلوم ہوا کہ ان کے دونوں گردے فیل ہوچکے ہیں۔
گلوکار نے کہا تھا کہ جب میری میڈیکل رپورٹس کا علم میرے گھر والوں کو ہوا تو گھر میں قیامت آگئی تھی۔
انہوں نے کہا تھا کہ ڈیرھ سال تک ان کا اسلام آباد کے ایک نجی اسپتال میں ڈائیلیسسز ہوتا رہا جس کے بعد ہم مشورے سے کڈنی ٹرانسپلانٹ کی طرف گئے۔
انہوں نے کہا تھا کہ میری تمام فیملی نے ٹیسٹ کروائے تو بڑے بھائی کا گردہ مجھ سے ٹرانسپلانٹ ہوا۔ 2 سال تک وہ اسلام آباد کے اسپتال میں زیر علاج رہے جس میں 5 کروڑ کے لگ بھگ خرچہ آیا۔ پھر جب صحت یاب ہوا تو فیصل آباد واپس آیا۔
تاہم کچھ ہی عرصے بعد بھائی کا عطیہ کردہ گردہ بھی فیل ہوگیا۔ اس وقت سے آج تک میں ڈائیلیسسز پر ہوں۔
اسد نے کہا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ٹیم ان کے پاس آئی تھی ، وزیر اعظم کی جانب سے بھی کوئی رسپانس نہیں ملا۔
اسد عباس کا کہنا تھا کہ انہوں نے دنیا بھر میں اپنے فن کے ذریعے پاکستان کا نام روشن کیا اور ملک کا نام اپنی آخری سانس تک روشن کرتا رہوں گا۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
