بالی ووڈ فلم انڈسٹری کی مشہور و معروف اداکارہ نشرت بھروچا فلسطینی مزاحمتی تنظیم اور غزہ کی حکمراں جماعت حماس کے آپریشن طوفان الاقصی کے دوران اسرائیل میں پھنس گئی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نشرت بھروچا 39 ویں ‘حائفہ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول’ کے لیے اسرائیل گئی تھیں، اس فلم فیسٹیول میں اُن کی فلم ‘اکیلی’ کو منتخب کیا گیا تھا اور گزشتہ روز حماس کے اسرائیل پر حملے کے بعد بالی ووڈ اداکارہ وہیں پھنس گئی ہیں۔
اداکارہ کی ٹیم کا کہنا ہے کہ ‘نشرت بدقسمتی سے اسرائیل میں پھنسی ہوئی ہیں، آخری بار اداکارہ سے گزشتہ روز دوپہر 12 بجکر 30 منٹ پر رابطہ ہوا تھا، اُس وقت وہ تہہ خانے میں محفوظ تھیں’۔
ٹیم کے مطابق اُس کے بعد، اُن سے رابطہ نہیں ہوسکا تھا لیکن آج اُن سے رابطہ ہوگیا ہے اور نشرت بھروچا کو بحفاظت اسرائیل کے ائیرپورٹ پر پہنچا دیا گیا ہے’۔
اداکارہ کی ٹیم نے بتایا کہ ہم نشرت کو بحفاظت بھارت واپس لانے کی کوشش کر رہے ہیں اور امید ہے کہ وہ جلد ہی بھارت پہنچنے کے لیے اڑان بھریں گی’۔
خیال رہے کہ فلسطینی مزاحمتی تنظیم اور غزہ کی حکمراں جماعت حماس نے آپریشن طوفان الاقصی کا اعلان کرتے ہوئے اسرائیل پر بڑا حملہ کردیا، کم از کم 5 ہزار راکٹ فائر کرنے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 250 اور 1100 سے زائد زخمی ہوگئے، حکام نے اموات اور زخمیوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
حماس کے فوجی ونگ القسام بریگیڈز کے سربراہ کمانڈر محمد الضیف ’ابو خالد‘ نے آپریشن طوفان الاقصی شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ اسرائیل کی جانب سے مسجد الاقصیٰ میں مسلسل اشتعال انگیزی اور فلسطینیوں پر مظالم کا جواب ہے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
