Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نثار قادری کا سفر آخرت؛ ماضی کا معروف اداکار کئی سال گمنامی میں رہنے کے بعد دنیا سے رخصت

ریڈیو، ٹی وی اور اسٹیج کے مشہور و معروف اداکار نثار قادری مختصر علالت کے بعد  آج راولپنڈی میں 82 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

معروف اداکار کو راولپنڈی میں نمازِ جنازہ کے بعد سپرد خاک کردیا گیا، نمازِ جنازہ میں اہلِ خانہ اور فنکاروں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اداکار نے سوگواران میں بیوہ، 2 بیٹے اور ایک بیٹی چھوڑی ہے۔

نثار قادری 70 اور 80 کی دہائی کے مقبول فنکار رہے، ان کے کئی ڈائیلاگ آج بھی یادگار مانے جاتے ہیں۔ اُن کا مشہور ڈائیلاگ ماچس ہوگی آپ کے پاس؟ پرستاروں کو آج بھی نہیں بھولتا۔

نثار قادری تمغہ حسنِ کارکردگی یافتہ اداکاروں میں شامل تھے۔

نثار قادری نے فنی کیریئر کا آغاز 1966 میں ریڈیو پاکستان سے کیا، اُن کے نمایاں ٹی وی ڈراموں میں ایک حقیقت ایک افسانہ، خواہشیں، آتش، پورے چاند کی رات، انگار وادی، بہادر علی اور بے شمار دوسرے ڈرامے شامل ہیں۔

وہ اس شعبے میں آنے سے قبل ٹیکسی ڈرائیور تھے، انہیں یاور حیات نے پی ٹی وی پر اپنے سیریل “دیواریں“ کے ذریعے متعارف کروایا۔

کہا جا سکتا ہے کہ پاکستان میں ٹی وی اور نثار قادری ایک ساتھ لانچ ہوئے تھے، نثار قادری ایک فُل ٹائم اداکار تھے، انہیں اس کے علاوہ نا تو کوئی اور کام آتا تھا نا ہی انہوں نے کبھی اداکاری کے علاوہ کوئی اور کام سیکھنے کی کوشش کی۔

وہ اپنے پیشے سے عبادت کی طرح لگاؤ رکھتے تھے اور پروڈیوسرز کے کمروں میں جا کر کام مانگنے میں کوئی عار محسوس نہیں کرتے تھے۔

2010 میں وہ چہرے کے فالج کا شکار ہوئے اور اس دوران وہ اسکرین سے غائب رہے، اس بیماری کے باعث ان کی یادداشت بھی متاثر ہو چکی تھی۔

ساتھی فنکاروں کا کہنا ہے کہ فن کی دنیا میں نثار قادری کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا کبھی پورا نہیں کیا جا سکے گا۔

Exit mobile version