سال 2023 بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان کے لئے بہت کامیاب رہا ہے جس دوران ان کی تین فلمیں ریلیز ہوئیں اور سب ہی نے زبردست بزنس بھی کیا۔
2023 کے آغاز کے ساتھ ہی شاہ رخ خان کی فلم پٹھان ریلیز ہوئی جس کے بعد ان کی ایک اور فلم جوان ریلیز ہوئی اور دونوں نے ہی ریکارڈ توڑ بزنس کیا ۔
اس کے بعد سال کے آخر میں کنگ خان کی فلم ڈنکی ریلیز ہوئی تھی جو آج بھی باکس آفس پر چھائی ہوئی ہے تاہم اس فلم کے متعلق ایک نئی رپورٹ سامنے آئی ہے ۔
اس حوالے سے جاری رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ راج کمار ہیرانی کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ’ڈنکی‘ کو فلم اکیڈمی ایوارڈز عرف آسکر کے لیے بھیجا جا سکتا ہے۔
اگر یہ سچ ثابت ہوا تو آسکر کی نامزدگیوں کے لیے جمع ہونے والی شاہ رخ خان کی یہ تیسری فلم ہوگی۔ اس سے قبل، ان کی 2004 کی فلم سوادیس اور 2005 کی فلم پہیلی بھی باوقار ایوارڈز کی نامزدگی کے لیے جمع کرائی گئی تھیں۔
واضح رہے کہ ڈنکی کو آسکر کی نامزدگیوں کے لیے زیر غور لانے کے حوالے سے ابھی تک کوئی باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی ہے۔
