پاکستان کے مشہور و معروف یوٹیوبر اسد پرویز نے اسلام کی خاطر فیملی ولاگنگ چھوڑ دی ہے۔
2020 میں 18 سال کی عمر میں شادی کرنے والے اسد اور نمرہ نے سوشل میڈیا پر کافی مقبولیت حاصل کی تھی۔
اس جوڑے نے مقبولیت حاصل کرنے کے بعد یوٹیوب پر اپنا چینل بنالیا تھا جہاں یہ فیملی ولاگنگ کیا کرتے تھے۔
اب حال ہی میں معروف پاکستانی یوٹیوبر اسد نے اسلام کی خاطر اپنی بیوی نمرہ کے ہمراہ ولاگنگ نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
انہوں نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں اعلان کیا کہ وہ اب اپنے ولاگز میں اپنی بیوی نمرہ اور گھر کی دیگر خواتین کو نہیں دکھائیں گے۔
اسد کا کہنا تھا کہ بہت سے لوگ مجھ سے پوچھ رہے ہیں کہ میں نے فیملی ولاگنگ کیوں چھوڑ دی تو اس کا جواب یہ ہے کہ ہم ہمیشہ پیسے اور دنیاوی خواہشات کے پیچھے بھاگتے ہیں، ہم اللہ اور اسلامی تعلیمات کے بارے میں کبھی نہیں سوچتے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے ان لوگوں کے بارے میں پڑھا جنہیں اللہ کبھی معاف نہیں کرے گا، اُن میں سب سے پہلے والدین کی نافرمانی کرنے والی اولاد ہوگی، دوسرے نمبر پر وہ لوگ ہیں جو اپنی جنس کے بجائے مخالف جنس کے لباس زیب تن کرتے ہیں اور تیسرے نمبر پر وہ لوگ ہوں گے جو اپنی بیویوں کو دُنیا کے سامنے دکھاتے ہیں۔
یوٹیوبر کے مطابق یہ پڑھنے کے بعد میں نے فوری طور پر اپنا ذہن بنا لیا اور اپنی فیملی کو سوشل میڈیا پر مزید نہ دکھانے کا فیصلہ کیا کیونکہ میں اللہ اور اسلامی تعلیمات کی مزید خلاف ورزی نہیں کرسکتا۔
پاکستان کے مشہور و معروف یوٹیوبر اسد پرویز کا مزید کہنا تھا کہ میں ولاگنگ نہیں چھوڑ رہا، اب آپ میرے ولاگز میں صرف مجھے اور میرے بیٹے اذلان کو دیکھ سکیں گے اور گھر کی کوئی خاتون ولاگ کا حصہ نہیں ہوگی۔
