پاکستان شوبز انڈسٹری کے مشہور و معروف اداکار عمران عباس کی پہلی بھارتی پنجابی فلم ’جی وے سوہنیا جی‘ ریلیز کردی گئی۔
اس فلم کی ریلیز سے قبل متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی میں اس کا ورلڈ پریمیئر ہوا، جس میں فلم کی کاسٹ سمیت پاکستان اور بھارت کی متعدد شوبز شخصیات نے بھی شرکت کی۔
فلم کے پریمیئر میں بالی ووڈ اداکارہ امیشا پٹیل جبکہ پاکستانی اداکارہ ریما خان سمیت دیگر شخصیات نے بھی شرکت کی اور عمران عباس سمیت تمام شخصیات نے پریمیئر کی ویڈیوز اور تصاویر شیئر کیں۔
’جی وے سوہنیا جی‘ کے پریمیئر کے بعد 16 فروری کو اسے بھارت اور متحدہ عرب امارات سمیت دیگر ممالک میں ریلیز کردیا گیا اور شائقین نے فلم کی کہانی کو کافی سراہا۔
فلم میں عمران عباس کا کردار پاکستانی پنجابی کا ہوتا ہے جو کہ بھارتی پنجابی لڑکی سے محبت کر بیٹھتا ہے۔
فلم میں تقسیم ہند کی وجہ سے پنجاب کو دو حصوں میں تقسیم ہونے کی کہانی بھی دکھائی گئی ہے۔
فلم میں عمران عباس کو جہاں پاکستانی لڑکے کے کردار میں دکھایا گیا ہے، وہیں ان کے تمام دوست بھارتی پنجاب کے دکھائے گئے ہیں۔
فلم میں واہگہ بارڈر سمیت پاکستان اور بھارت کے پنجاب کے مناظر دکھائے جانے کے علاوہ برطانیہ میں دونوں ممالک کے افراد کو ایک ساتھ رہتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔
فلم کی ہدایات تھپڑ نے دی ہیں اور انہوں نے ہی اس کی کہانی بھی لکھی ہے جبکہ عمران عباس کے علاوہ فلم کی تقریباً تمام کاسٹ بھارتی ہے۔
فلم میں سمی چاہل، منتو کاپا، اڈایا وکاتی، امن بال اور سوارج سندھو سمیت دیگر نے کردار ادا کیے ہیں۔
