بالی ووڈ کنگ، شاہ رخ خان کو کئی سال بعد بہترین اداکار کے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے جو کہ ان کی کامیابی کا ثبوت ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سپر اسٹار شاہ رخ خان کو دادا صاحب پھالکے انٹرنیشنل فلم فیسٹیول ایوارڈز 2024 میں فلم ‘جوان’ کے لیے بہترین اداکار کا ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اداکار کو آخری بار بہترین اداکار کا ایوارڈ جیتے ہوئے کئی سال ہو چکے ہیں اور اس پر غور کرتے ہوئے انہوں نے اپنے تمام ساتھی اداکاروں سمیت مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے اپنی تقریر میں اس بات کا اعتراف بھی کیا کہ ’بہت سال ہوگئے مجھے بیسٹ ایکٹر کا ایوارڈ نہیں ملا تو ایسا لگنے لگا تھا کہ اب ملے گا ہی نہیں۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ مجھے بہت خوشی ہے۔ مجھے ایوارڈ بہت اچھے لگتے ہیں ، میں تھوڑا لالچی ہوں۔‘
انہوں نے اپنی تقریر کا اختتام یہ کہتے ہوئے کیا کہ، “میں وعدہ کرتا ہوں کہ میں سخت محنت کرتا رہوں گا اور بھارت اور بیرون ملک رہنے والے لوگوں کو تفریح فراہم کرتا رہوں گا جتنا کہ میں کر سکتا ہوں۔ انشاء اللہ، میں محنت کرتا رہوں گا۔”
خیال رہے کہ شاہ رخ خان نے جنوری 2023 میں سدھارتھ آنند کی ‘پٹھان’ کے ساتھ سلور اسکرین پر واپس کی تھی جس میں انہیں ایکشن اوتار میں دیکھا گیا تھا۔
اس فلم نے باکس آفس پر کئی ریکارڈ توڑے اور بھارتی فلم انڈسٹری میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں کی فہرست میں اپنا نام حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی۔
‘پٹھان’ کے بعد کنگ خان اپنی اگلی فلم ‘جوان’ کے ساتھ سینما گھروں میں واپس آئے جس میں ایک بار پھر انہیں ایکشن اوتار میں نظر دیکھا گیا جس نے دنیا بھر کے باکس آفس پر 1000 کروڑ روپے سے زیادہ کا بزنس کیا۔
بعدازاں دسمبر میں ان کی اگلی فلم ‘ڈنکی’ ریلیز ہوئی جس نے باکس آفس پر بھی اچھا بزنس کیا۔
