بالی ووڈ کے خودکشی کرنے والے اداکار سشانت سنگھ کی سابقہ گرل فرینڈ اداکارہ ریا چکرورتی کو عدالت سے بڑا ریلیف مل گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی ہائی کورٹ نے سشانت سنگھ خودکشی کیس میں ریا چکرورتی، ان کے بھائی اور والد کے خلاف ایل او سی کو منسوخ کردیا۔
سشانت سنگھ کے والد نے اداکارہ اور ان کے اہلِ خانہ پر بیٹے کو خودکشی پر اکسانے کا الزام لگایا تھا۔
ریا چکرورتی اور ان کے بھائی کو 2020 میں گرفتار بھی کیا گیا تھا لیکن پھر انہیں ضمانت پر چھوڑ دیا گیا۔
خیال رہے کہ پی کے اور ایم ایس دھونی سمیت متعدد فلموں میں شاندار اداکاری کرنے والے بالی ووڈ اداکار 34 سالہ سشانت سنگھ راجپوت نے جون 2020 میں خودکشی کی تھی۔
سُشانت سنگھ راجپوت نے 2013 میں فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا، انہوں نے ایک درجن فلموں میں ہی کام کیا تھا۔
سُشانت کی پہلی فلم کائی پو چے تھی، تاہم انہیں سب سے زیادہ شہرت عامر خان کی 2014 میں ریلیز ہونے والی فلم پی کے سے ملی، جس کے بعد انہوں نے 2016 میں ریلیز ہونے والی فلم ایم ایس دھونی میں شاندار اداکاری کرکے مداحوں کے دل جیت لیے۔
سُشانت سنگھ راجپوت کی پھندا لگی لاش ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی میں ان کی رہائش گاہ سے ملی تھی۔
