پاکستان کے معروف کامیڈی کنگ امان اللہ خان کی چوتھی برسی آج منائی جارہی ہے۔
امان اللہ خان 1954ء میں گوجرانوالہ میں پیدا ہوئے، اُن کی پیدائش ایک غریب گھر میں ہوئی لیکن اپنی ہس مزاح سے انہوں نے زندگی کو شاندار بنا ڈالا۔
انہوں نے کامیڈی کا باقاعدہ آغاز 1995ء میں تھیٹر سے کیا، اس دوران امان اللہ نے ایک سے بڑھ کر ایک ڈرامہ پیش کیا اور بہت سے ڈراموں کو اپنی کامیڈی سے یادگار بنا دیا۔
کامیڈی کنگ نے 2006ء میں پہلی فلم ’’ون ٹو کا ون‘‘ اور 2014ء میں فلم ’’نامعلوم افراد‘‘ میں اداکاری کی۔
امان اللہ خان نے ٹی وی شوز میں بھی کام کیا، بھارت سمیت مختلف ممالک میں صلاحیتوں کے جوہر دکھائے اور پاکستان کا نام روشن کیا، لگا تار 860 دن لائیو تھیٹر پرفارمنس بھی انہی کا اعزاز ہے۔
امان اللہ نے مسلسل 42 سال تک لوگوں کے دلوں پر راج کیا، حکومتِ پاکستان نے 2018ء میں فنی خدمات پر کامیڈی کنگ کو تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا۔
پھیپھڑوں اور دل کے عارضے کی وجہ سے امان اللہ خان 6 مارچ 2020ء کو اس دنیا سے چلے گئے۔
