Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کم عمری میں جنسی ہراسانی کا نشانہ بنایا گیا، یشما گل

پاکستان شوبز انڈسٹری کی مشہور و معروف اداکارہ یشما گل نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں کم عمری میں جنسی ہراسانی کا نشانہ بنایا گیا۔

حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں اداکارہ یشما گل کا کہنا تھا کہ انہوں نے کم عمری میں ہی بطور ریڈیو جوکی (آر جے) کام کرنا شروع کردیا تھا، جہاں انہیں مسائل کا سامنا رہا۔

انہوں نے کہا کہ جب وہ بطور آر جے کام کر رہی تھیں، تب انہیں نامناسب رویوں کا سامنا کرنا پڑا، جس ریڈیو اسٹیشن پر وہ کام کرتی تھیں، وہاں کے میک اپ آرٹسٹ نے انہیں جنسی ہراسانی کا نشانہ بنایا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک دن جیسے ہی وہ میک اپ کروانے کمرے میں گئیں تو میک اپ آرٹسٹ ان کے انتہائی قریب آگئے اور انہوں نے نامناسب انداز میں چھونے لگے، جس پر انہوں نے وہیں رونا شروع کردیا۔

یشما گل نے بتایا کہ وہ اس وقت کم عمر تھیں، اس لیے انہیں چیزوں اور باتوں کا درست انداز میں علم نہیں تھا کہ ان کے ساتھ کیا ہو رہا اور انہیں ایسے مسائل پر کیا کرنا چاہیئے۔

اداکارہ کے مطابق جب ان کے ساتھ ہراسانی کا واقعہ ہوا تو وہیں کام کرنے والی ایک سینیئر خاتون نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ ہیومن ریسورس ڈیپارٹمنٹ (ایچ آر) میں جاکر اس کی شکایت کردیں۔

انہوں نے کہا کہ جب وہ ایچ آر میں داڑھی شخص کے پاس گئیں تو انہوں نے شکایت پر نوٹس لینے کے بجائے انہیں دیکھ کر ان کے لباس پر فقرے کسے اور کہا کہ آج کل کے بچوں کو بھی دیکھنا چاہیئے کہ وہ کس طرح کا لباس پہن رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایچ آر کے شخص کی باتیں سن کر ایک بار پھر وہ رونے لگیں اور انہیں سمجھ نہیں آیا کہ وہ کیا کریں، اس لیے پھر انہوں نے وہاں سے ملازمت چھوڑ دی اور اپنی آخری تنخواہ تک وہاں سے نہ لی۔

یشما گل نے بتایا کہ تین سال قبل ایچ آر کے داڑھی والے شخص نے انہیں فیس بک پر میسیج کرکے اپنی غلطی پر معافی مانگی تھی۔

اداکارہ کے مطابق انہیں ڈراما انڈسٹری یا شوبز میں کبھی جنسی ہراسانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا، البتہ ان کے ساتھ ریڈیو میں کام کرتے وقت نامناسب واقعہ پیش آیا تھا۔

Exit mobile version