پاکستان فلم انڈسٹری کے مشہور و معروف اداکار محمد علی کی 18 ویں برسی آج منائی جارہی ہے۔
شہنشاہ جذبات کے لقب سے مشہور اداکار محمد علی 19 اپریل 1931 کو بھارت کے شہر رام پور میں پیدا ہوئے۔
پائلٹ بننے کا شوق تھا مگر گھریلو معاشی حالات شوبز کی دنیا میں لے آئے، جاندار آواز نے انہیں ایک بہترین ریڈیو صداکار کی حیثیت سے منوایا اور فلمی دنیا تک پہنچانے میں بھی ان کی آواز نے ہی اہم کردار ادا کیا۔
محمد علی نے 1962 میں فِلم ’’چراغ جلتا رہا‘‘ سے فلمی کیرئر کا آغاز کیا۔
فلم کا افتتاح مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح نے اپنے ہاتھوں سے کیا، مگر اصل شہرت 1963 میں ریلیز ہونے والی فلم ’’شرارت‘‘ سے ملی۔
محمد علی نے اداکارہ زیبا سے شادی کی اور دونوں نے فلم نگری میں عزّت، وقار اور نام و مقام پایا
محمد علی اور زیبا کی مشترکہ فلموں کی تعداد 70 ہے جن میں 50 سے زائد فلموں میں وہ ہیرو، ہیروئن کے طور پر نظر آئے۔
محمد علی نے ’’باجی‘‘، ’’دال میں کالا‘‘ اور ’’رواج‘‘ سمیت مجموعی طور پر 277 فلموں میں کام کیا۔
اداکار محمد علی نے جاندار اداکاری پر 9 نگار ایوارڈ اپنے نام کیے۔
شاندار پرفارمنس اور بے مثال اداکاری پر حکومت پاکستان کی جانب سے انہیں تمغہ حسن کارکردگی اور تمغہ امتیاز سے بھی نوازا گیا۔
محمد علی 19 مارچ 2006 کو اس دنیا سے رخصت ہوگئے۔
