Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

معروف موسیقار عنایت حسین کی 31 ویں برسی آج منائی جارہی ہے

پاکستان کے مشہور و معروف موسیقار ماسٹر عنایت حسین کی 31 ویں برسی آج منائی جارہی ہے۔

عنایت حسین 1916 میں اندرونِ شہر لاہور میں پیدا ہوئے، اپنے ماموں سے موسیقی کے ابتدائی رُموز سیکھنے کے بعد انہوں نے استاد بڑے غلام علی خاں کی شاگردی اختیار کر لی اور پھر کم عمری میں ہی ممبئی کا رخ کیا۔

1946 میں انہوں نے فلم ’’کملی‘‘ اور قیامِ پاکستان کے بعد پہلی فلم ’’ہچکولے‘‘ کی موسیقی ترتیب دی۔

فلم ’’گمنام‘‘ کے گیتوں نے ان کو بڑا موسیقار ثابت کر دیا، ملکہ ترنُم نور جہاں کو شہرت کی بلندیوں تک لے جانے میں اُن کی دُھنوں کا اہم کردار تھا۔

1965 میں بننے والی فلم نائلہ کے گانے آج بھی کانوں میں رس گھولتے ہیں، ان کی دھنوں نے انار کلی، محبوبہ، گمنام، انتقام ، عذرا، معصوم، دل میرا دھڑکن تیری، عشق پر زور نہیں، دیور بھابھی اور مولا جٹ جیسی فلموں کو لازوال بنا دیا۔

فلم نائلہ اور جادو کے نغمات کی موسیقی ترتیب دینے پر ماسٹر عنایت حسین کو نگار اور دیگر ایوارڈ بھی عطا کیے گئے۔

انہوں نے 26 مارچ 1993 کو لاہور میں وفات پائی اور میانی صاحب قبرستان میں آسودہ خاک ہیں۔

Exit mobile version