پاکستان کے مشہور و معروف گلوکار ساحر علی بگا نے علی ظفر کے کہنے پر عالمی شہرت یافتہ قوال و موسیقار راحت فتح علی خان کے خلاف کی گئی پوسٹ ڈیلیٹ کردی۔
دو روز قبل گلوکار ساحر علی بگا نے سوشل میڈیا کی فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر راحت فتح علی خان کے خلاف ایک پوسٹ کی تھی جس میں انہوں نے قوال و موسیقار کو “منافق” قرار دیا تھا۔
پوسٹ میں ساحر علی بگا کا کہنا تھا کہ راحت فتح علی خان درندہ صفت ہونے کے ساتھ ساتھ منافق بھی ہیں، منافق پر خدا کی لعنت ہو۔
اسی دوران، پاکستان کے معروف گلوکار علی ظفر نے سوشل میڈیا پر ساحر علی بگا کے نام ایک پوسٹ جاری کی جس میں اُنہوں نے کہا کہ پیارے بھائی ساحر علی بگا! میں آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ مہربانی کرکے بابرکت اور صبر والے مہینے رمضان کا احترام کریں۔
علی ظفر کا کہنا تھا کہ آپ اپنی زبان کی حفاظت کریں اور دوسروں کی ذات کے بارے میں خود سے کوئی فیصلہ نہ کریں کیونکہ ہم سب میں ہی کوئی نہ کوئی خامی ہے۔
گلوکار نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اپنی رحمت سے نوازے اور ہم سب پر سلامتی ہو، آمین۔
علی ظفر کی اس پوسٹ کے جواب میں ساحر علی بگا نے طنزیہ انداز میں کہا کہ شکریہ علی ظفر! میں رمضان المبارک کے دوران کسی شخصت کے بارے میں سچائی ظاہر کرنے پر معذرت خواہ ہوں، میں اب پوسٹ ڈیلیٹ کر رہا ہوں۔
ساحر علی بگا نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے یہ پوسٹ ڈیلیٹ کردی لیکن اُن کی پوسٹ کا اسکرین شاٹ سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہا ہے۔
