معروف بھارت اداکار نواز الدین صدیقی نے کہا ہے کہ بالی ووڈ میں میرے مذہب کی بنیاد پر میرے ساتھ امتیازی سلوک نہیں کیا گیا۔
حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں اداکار نواز الدین صدیقی کا کہنا تھا کہ میں مسلمان ہوں لیکن بالی ووڈ میں میرے مذہب کی بنیاد پر کبھی بھی میرے ساتھ امتیازی سلوک نہیں کیا گیا، ہر اداکار اور فلمساز نے عزت و احترام دیا۔
انہوں نے کہا کہ میں گزشتہ کئی عرصے سے بالی ووڈ کا حصہ ہوں، جتنی محبت اور عزت مجھے یہاں ملی ہے، مجھے کہیں اور نہیں ملی، ہر مذہب سے تعلق رکھنے والے میرے مداح مجھے پسند کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے بھارت کے ہر چھوٹے بڑے شہروں کا سفر کیا ہے، مجھے ہر جگہ محبت ہی نظر آئی، مجھے نہیں معلوم کہ ہمارا میڈیا مذہب سے متعلق نفرت انگیز جھوٹی خبریں کیوں پھیلاتا ہے۔
نواز الدین صدیقی کے مطابق دُنیا بھر کے معاشرے کو بالی ووڈ سے سیکھنا چاہیے کہ تمام مذاہب کا احترام کیسے کیا جائے۔
اداکار نے کہا کہ انوپم کھیر اپنے مذہبی عقائد پر بہت یقین رکھتے ہیں لیکن اس کے باوجود وہ نصیرالدین شاہ کی بہت عزت کرتے ہیں۔
