Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نامور لوک گلوکار عالم لوہار کی 45 ویں برسی

پاکستان کے مشہور و معروف لوک گلوکار عالم لوہار کی 45 ویں برسی آج منائی جارہی ہے۔

یکم مارچ 1928 کو گجرات میں پیدا ہونے والے عالم لوہار نے کم عمری میں ہی گلوکاری شروع کردی تھی، گائیکی کا مخصوص انداز، رنگ برنگ لباس اور ہاتھوں میں چمٹا، یہ سب کچھ عالم لوہار کی پہچان بنا۔

انہوں نے فوک گائیکی میں جو بھی گایا کمال گایا، ہیر وارث شاہ گا کر تو انہوں نے خوب نام کمایا۔

عالم لوہار پنجاب بھر میں سجنے والے میلوں ٹھیلوں میں صوفیانہ کلام اس انداز میں پیش کرتے کہ سننے والوں پر وجد طاری ہو جاتا۔

معروف لوک فنکار کے صاحبزادے عارف لوہار بھی اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے دنیا بھر میں ملک و قوم کی نیک نامی کے لیے کوشاں ہیں۔

عالم لوہار نے 70 کی دہائی میں انگلینڈ، کینیڈا، ناروے اور جرمنی سمیت دیگر ممالک میں ہونے والے پروگراموں میں پاکستان کی نمائندگی کی، فنی خدمات پر انہیں پرائیڈآف پرفارمنس سمیت کئی ایوارڈز سے نوازا گیا۔

عالم لوہار تین جولائی 1979 کو شامکے بھٹیاں کے قریب ٹریفک حادثے میں انتقال کرگئے تھے۔

Exit mobile version