Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مردوں کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ خواتین کھلونا نہیں ہیں، جان ابراہم

بالی ووڈ فلم انڈسٹری کے مشہور و معروف اداکار جان ابراہم نے کہا ہے کہ مردوں کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ خواتین کھلونا نہیں ہیں۔

حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں معروف اداکار جان ابراہم کا کہنا تھا کہ بھارت کے مرد حضرات کو سمجھنا ہوگا کہ اُنہیں خواتین کے ساتھ کیسا برتاؤ کرنا چاہیے، اُن کی حفاظت کیسے کرنی چاہیے کیونکہ مرد ہی خواتین کے محافظ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مردوں کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ خواتین کھلونا نہیں ہیں بلکہ وہ ہماری عزت ہیں، اگر ہم خواتین کی عزت کریں گے تو اس سے ہماری اپنی عزت کی حفاظت ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت سے محبت کرنے والے لوگوں کو ملک کی خامیوں پر بھی تنقید کرنی چاہیے، ہمیں خاموش رہ کر اس جہالت کا حصہ نہیں بننا ہے اور میں یہ سمجھتا ہوں کہ بھارت میں خواتین، بچے اور یہاں تک کے جانور بھی محفوظ نہیں ہیں۔

جان ابراہم نے کہا کہ ‘بھارت مہان ہے’ کا نعرہ لگانے سے کچھ نہیں ہوتا، اگر واقعی بھارت سے محبت ہے تو یہاں ہونے والے مظالم کے خلاف آواز بھی اُٹھاؤ، مجھے بھی بھارت سے پیار ہے لیکن میں اس ملک میں ہونے والی جہالت پر تنقید بھی کروں گا۔

اداکار کا کہنا تھا کہ میں اپنی کوشش سے بھارت میں سماجی تبدیلی لانا چاہتا ہوں، ملک میں جانوروں کو ایک خاص حیثیت دلانا چاہتا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت میں جانوروں کے تحفظ کے لیے کوئی قانون نہیں، خواتین اور بچے محفوظ نہیں، کیا اس عدم تحفظ پر کوئی مجھ سے بحث کرنا چاہے گا؟

واضح رہے کہ جان ابرہم کا یہ بیان کولکتہ ریپ کیس کے بعد سامنے آیا ہے، بھارت کی ریاست مغربی بنگال کے شہر کولکتہ میں گزشتہ ہفتے 31 سالہ ڈاکٹر کو میڈیکل کالج میں خون میں لت پت مردہ حالت میں پایا گیا تھا۔

Exit mobile version