پاکستان شوبز انڈسٹری کی مشہور و معروف اداکارہ نمرہ خان کو کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 8 میں مبینہ طور پر اغوا کیے جانے کا ڈراپ سین ہوگیا۔
ایس ڈی پی او درخشاں منیشا روپیتا نے تفتیش سے متعلق ویڈیو بیان جاری کردیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ تفتیش میں یہ بات واضح ہوگئی کہ ملزم ایک ہی تھا جو کہ موٹر سائیکل پر سوار تھا۔
انہوں نے کہا کہ ملزم کے ساتھ کوئی اور فرد نہیں تھا، واردات حراسگی تھا نہ کہ اغوا کی کوشش۔
ایس ڈی پی او درخشاں منیشا روپیتا کا کہنا تھا کہ حالیہ دنوں میں خواتین کو حراساں کیے جانے کے دو واقعات سامنے آئے تھے، دونوں واقعات کے ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ نمرہ خان کیس کے ملزم کا روٹ میپ تیار کرلیا گیا ہے، ملزم کی تلاش جاری ہے، جلد ملزم پولیس کی گرفت میں ہوگا۔
دوسری جانب معروف اداکارہ نمرہ خان کا کہنا ہے کہ میں پولیس کی کارکردگی سے انتہائی مطمئن ہوں، پولیس نے دن رات کوشش کرکے تفتیش کی اور شواہد اکٹھا کیے۔
