بالی ووڈ اداکار 34 سالہ سشانت سنگھ راجپوت نے 14 جون 2020 کو دوپہر ایک بجے کے قریب بھارتی شہر ممبئی میں اپنی رہائشگاہ پر خودکشی کرلی تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں بالی ووڈ فلم انڈسٹری کی مشہور و معروف اداکارہ رِیا چکربورتی نے کہا کہ سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد انہیں شدید ڈپریشن کا سامنا کرنا پڑا اور انہیں ٹھیک ہونے میں کئی سال لگے۔
انہوں نے کہا کہ اس دوران انہیں بہت زیادہ تکلیف، بے چینی، پوسٹ ٹرامیٹک اسٹریس ڈس آرڈر اور دیگر مسائل کا سامنا رہا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی فوجی پرورش کی وجہ سے زندگی کی مشکلات کا سامنا کرنے کے لیے تیار تھیں اور انہیں بچپن سے سکھایا گیا تھا کہ کبھی ہمت نہ ہارو۔
رِیا چکربورتی نے کہا کہ میڈیا کے منفی تجربات کے بعد انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ ایک ایسا محفوظ پلیٹ فارم بنائیں گی جہاں وہ لوگوں سے کھل کر بات کر سکیں۔
واضح رہے کہ سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد رِیا کو شدید تنقید اور قانونی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، انہیں ستمبر 2020 میں سوشانت کے لیے مبینہ طور پر منشیات کا انتظام کرنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا۔ رِیا کو 28 دن بائیکلا جیل میں گزارنے کے بعد اکتوبر 2020 میں ضمانت ملی تھی۔
