Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان کی کئی اداکاراؤں سے متعلق جھوٹی خبریں پھیلائی جاتی ہیں، لائبہ خان

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ لائبہ خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی کئی اداکاراؤں سے متعلق جھوٹی خبریں پھیلائی جاتی ہیں۔

حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں معروف اداکارہ لائبہ خان نے بتایا کہ میرے کیریئر کی شروعات میں سوشل میڈیا پر میری شادی کی جھوٹی خبر پھیل گئی تھی جس کی وجہ سے میرے والد بہت زیادہ پریشان ہوگئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ مجھ سے متعلق یہ خبر تھی کہ میں نے سعودی عرب یا کسی دوسرے عرب ملک کے شہری سے شادی کرلی ہے جبکہ مذکورہ شخص پہلے سے شادی شدہ ہے اور میں پیسوں کی خاطر اُس کی دوسری یا تیسری بیوی بنی ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ صرف یہی نہیں، خبر میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا تھا کہ میں نے شادی شدہ عرب شہری سے چُھپ کر شادی کی ہے۔

لائبہ خان نے کہا کہ اس جھوٹی خبر کے پھیلنے کے بعد میرے والد کے دوستوں نے اُنہیں میسجز کیے اور میری شادی سے متعلق سوالات کیے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ میرے والد بہت پریشان ہوگئے تھے، پھر میں نے اُنہیں بتایا کہ یہ خبر جھوٹی ہے، پاکستان کی کئی اداکاراؤں سے متعلق جھوٹی خبریں پھیلائی جاتی ہیں، پھر میں نے والد کی پریشانی دور کرنے کے لیے اُنہیں یوٹیوب سے چند اداکاراؤں کی شادیوں کی جھوٹی خبریں بھی دکھائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں نے والد کو سمجھایا کہ آپ میری شادی سے متعلق جھوٹی خبروں پر توجہ نہ دیں، شوبز انڈسٹری میں ان چیزوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

Exit mobile version