پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف و سینئر اداکار نعمان اعجاز نے کہا ہے کہ شوبز کے لوگوں کے دل بہت چھوٹے ہوتے ہیں۔
کچھ ماہ قبل اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں معروف و سینئر اداکار نعمان اعجاز کا کہنا تھا کہ میں کبھی نہیں چاہتا تھا کہ میرے بیٹے شوبز انڈسٹری میں آئیں، میں نے کبھی نہیں چاہا تھا کہ میرا بیٹا اداکار بنے لیکن میرے بیٹے زاویار کی قسمت میں اداکار بننا ہی لکھا تھا۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنے بیٹوں کو کبھی بھی اپنے ڈراموں کی شوٹنگ سیٹ پر نہیں لیکر گیا اور نہ ہی کبھی کسی فنکار کو اپنے گھر مدعو کیا، میں نے اپنی نجی زندگی اور فیملی کو شوبز انڈسٹری سے بالکل الگ اور دور رکھا۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے معلوم ہے کہ ہماری شوبز انڈسٹری کے لوگ بہت زیادہ بُرے ہیں، یہاں اگر آپ کسی کو ایک بار انکار کردو تو وہ دوبارہ آپ سے بات کرنا پسند نہیں کرتا، شوبز کے لوگوں کے دل بہت چھوٹے ہوتے ہیں۔
نعمان اعجاز نے کہا کہ اس انڈسٹری میں اپنے قدم جمانا مذاق کی بات نہیں ہے، میرا یقین کریں، میں نے یہ باتیں جھوٹ نہیں بولیں بلکہ شوبز کی دُنیا کا سچ بتایا ہے، یہی وجہ ہے کہ میں نے اپنے بیٹوں کو شوبز سے دور رکھنے کی ہر ممکن کوشش کی۔
اداکار کا کہنا تھا کہ جب میرے بیٹے نے شوبز انڈسٹری میں قدم رکھا تو میں جائے نماز پر بیٹھ کر بہت رویا اور کہا کہ اللہ تعالیٰ! میں نے تو کبھی یہ نہیں چاہا تھا، پھر میرے بیٹے کو اس شعبے میں کیوں ڈالا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں اپنے گھر میں اداکار نہیں بلکہ ایک عام آدمی کی طرح رہتا ہوں۔
