Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اگر آج والدہ ہوتیں تو مجھے باقی کسی رشتے کی ضرورت نہ رہتی، محسن عباس حیدر

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار، کامیڈین اور میزبان محسن عباس حیدر نے کہا ہے کہ اگر آج میری والدہ ہوتیں تو مجھے باقی کسی رشتے کی ضرورت نہ رہتی۔

حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں معروف اداکار، کامیڈین اور میزبان محسن عباس حیدر نے بتایا کہ وہ والدین کا اکلوتے بیٹے تھے، والدہ ان سے بہت محبت کرتی تھیں، جب وہ کیریئر بنانے کے سلسلے میں فیصل آباد سے کراچی آئےتھے تو والدہ دن میں 5 سے 6 بار انہیں فون کرکے ان کی خیریت دریافت کرتی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ کیریئر بنانے کے چکر میں اتنے مصروف ہوگئے کہ والدہ کے ساتھ بھی کم وقت گزارنے لگے اور انہیں نظر انداز کرنے لگے، کاش وہ ان کے ساتھ اچھا وقت گزارتے۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے والدہ کے ساتھ بیٹھ کر اپنی پہلی فلم ’نامعلوم افراد‘ فیصل آباد کے سینما گھر میں دیکھی تھی اور والدہ کبھی انہیں دیکھتیں تو کبھی سینما اسکرین کو دیکھتی تھیں۔

محسن عباس حیدر نے کہا کہ ان کی والدہ 9 سال قبل دل کا دورہ پڑنے سے چل بسی تھیں اور انہوں نے آخری سانسیں ان کی بانہوں میں ہی لی تھیں۔

اداکار نے بتایا کہ وہ لکس اسٹائل ایوارڈ دبئی سے واپس آئے تو اگلے دن ان کی والدہ انتقال کر گئی تھیں اور پھر کچھ ہی عرصے بعد ان کے ماموں بھی انتقال کر گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ ان کے ہاتھوں نے بہت سارے پیارے کو دفنایا لیکن انہیں سب سے زیادہ تکلیف نوزائیدہ بیٹی کے جنازے کے وقت ہوئی تھی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میری خواہش ہے کہ نہ صرف میری والدہ بلکہ کسی کی والدہ بھی کبھی انتقال نہ کریں، مائیں ہمیشہ زندہ رہنی چاہیے۔

Exit mobile version