کامیڈین و گلوکار چاہت فتح علی خان کا کہنا ہے کہ بشریٰ انصاری کو لگ رہا ہے کہ میں ان کی جگہ چھین رہا ہوں۔
کامیڈین و گلوکار چاہت فتح علی خان نے اپنے حالیہ انٹرویو میں سینیئر اداکارہ بشریٰ انصاری کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ جب وہ بچے تھے تب سے بشریٰ انصاری کام کرتی آ رہی ہیں اور شروع میں وہ بھی دوسروں کی نقل اتارا کرتی تھیں، مزاحیہ گانے گاتی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ بشریٰ انصاری سمیت ان جیسے دوسرے بڑے فنکاروں اور گلوکاروں کی خود پر ہونے والی تنقید سن اور دیکھ کر حیران رہ جاتے ہیں، انہیں سمجھ نہیں آتا کہ وہ ان پر تنقید کیوں کرتے ہیں؟
چاہت فتح علی خان نے کہا کہ بشریٰ انصاری کو یاد نہیں کہ وہ مزاحیہ گانے گاکر اور دوسروں کی نقلیں اتارکر اداکاری کرتی رہی ہیں، وہ تو خود اپنے گانے لکھتے، گاتے اور تیار کرتے ہیں، جن سے لوگ لطف اندوز ہوتے ہیں۔
گلوکار نے بشریٰ انصاری کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اگر انہیں ان کے گانے برے لگتے ہیں تو وہ ان کے ساتھ بھی گانا گانے کو تیار ہیں، شاید بشریٰ انصاری کو لگ رہا ہے کہ وہ ان کی جگہ چھین رہے ہیں، حالانکہ ایسا بلکل بھی نہیں۔
واضح رہے کہ بشریٰ انصاری نے چند دن قبل ایک انٹرویو کے دوران چاہت فتح علی خان کی گلوکاری پر رد عمل دیتے ہوئے ان کی گلوکاری کو گانوں کا استحصال قرار دیا تھا۔
