پاکستان کے نامور مصنف، فلمساز اور ہدایتکار ریاض شاہد کی 52 ویں برسی آج منائی جارہی ہے۔
ریاض شاہد 1927 کوئٹہ میں پیدا ہوئے، ان کا اصل نام شیخ ریاض تھا، لاہور کے اسلامیہ کالج سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد صحافت کا پیشہ اختیار کیا، انہوں نے ’’ہزار داستان‘‘ کے نام سے ایک ناول تحریر کیا اور پھر فلمی صنعت سے وابستہ ہوگئے۔
ریاض شاہد نے پہلا اسکرپٹ فلم ’’بھروسہ‘‘ کا لکھا جو 1958 میں ریلیز ہوئی اور انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا، جب ریاض شاہد کی فلم ’’شہید‘‘ پردہ سکرین پر آئی تو اس نے بھی تہلکہ مچا دیا۔
انہوں نے 1962 میں پہلی بار فلم ’’سسرال‘‘ میں ہدایتکاری کے فرائض انجام دیے۔
’’سسرال‘‘ کو پاکستان کی یادگار فلم قرار دیا جاتا ہے، فلم ’’فرنگی‘‘،’’نیند‘‘، ’’گناہ گار‘‘ کا سکرپٹ بھی ریاض شاہد نے لکھا، انہوں نے مسئلہ فلسطین اور کشمیر پر ’’زرقا‘‘ اور ’’یہ امن‘‘ جیسی شاہکار فلمیں بنائیں۔
ریاض شاہد نے ایک تاریخی فلم ’’غرناطہ‘‘ بھی بنائی، انہوں نے 32 فلموں کی کہانیاں اور مکالمے لکھے، ریاض شاہد کی خدا داد صلاحیتوں کے سبب انہیں 11 بار نگار ایوارڈز سے نوازا گیا۔
انہوں نے اپنے وقت کی نامور ہیروئن نیلو سے شادی کی، ان کے تین بچے ہیں جن میں بیٹا شان پاکستانی فلمی صنعت کے صف اول کے اداکاروں میں سے ایک ہے۔
ریاض شاہد یکم اکتوبر 1972 کو سرطان کی وجہ سے لاہور میں انتقال کر گئے تھے۔
