پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ حاجرہ یامین نے کہا ہے کہ مجھے ڈراما سازوں نے کاسٹ کرنے کے لئے خوبصورتی بڑھانے کا مشورہ دیا۔
حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں معروف اداکارہ حاجرہ یامین نے بتایا کہ انہوں نے تھیٹر سے اداکاری کا آغاز کیا، ان کی پیدائش پنجاب کے شہر ملتان میں ہوئی، ان کی زندگی سعودی عرب اور راولپنڈی میں گزرنے کے ساتھ ساتھ دیگر شہروں میں بھی گزری لیکن اداکاری کی وجہ سے انہوں نے کراچی میں سکونت اختیار کی۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ کراچی میں رہائش اختیار کرنا مشکل تھا، تاہم وہ خوش قسمت ہیں کہ ان کے یہاں اچھے دوست بن گئے۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ انہیں فٹنیس کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے لیکن انہوں نے کبھی ایسی تنقید پر توجہ نہیں دی۔
حاجرہ یامین نے کہا کہ سوشل میڈیا پر متحرک رہنا ایک مکمل کام ہے جو وہ نہیں کر سکتیں لیکن جو لوگ سوشل میڈیا پر متحرک ہیں، وہ ان کے کام اور محنت کو سراہتی ہیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ 10 سے 12 گھنٹے تک شوٹنگ کرنے کے بعد ان میں سوشل میڈیا استعمال کرنے کی ہمت نہیں رہتی، اس لیے وہ وہاں زیادہ متحرک نہیں لیکن جو بھی وہاں متحرک ہیں، وہ اچھا کام کر رہے ہیں۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اب انڈسٹری میں کچھ تبدیلیاں آئی ہیں لیکن انہوں نے زیادہ تر تفریق کا سامنا نہیں کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک دو بار انہیں ڈراما سازوں نے کچھ چیزوں کی وجہ سے انہیں کاسٹ نہیں کیا اور انہیں خوبصورتی بڑھانے کا مشورہ دیا گیا لیکن انہوں نے ان کی ہدایات پر عمل نہیں کیا، پھر انہیں دوسرے ڈراما سازوں نے کاسٹ کرلیا۔
حاجرہ یامین نے کہا کہ انہوں نے کبھی کسی کی جانب سے ملنے والے مشوروں کو سنجیدہ نہیں لیا اور نہ ہی ان پر عمل کیا، البتہ انہیں اپنے بال سیدھے کروانے سے منع کیا گیا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ چاہتی تھیں کہ وہ اپنے بال سیدھے کروائیں لیکن ڈراما سازوں نے انہیں ایسا کرنے سے منع کرتے ہوئے کہا کہ ایسے بالوں کی وجہ سے ہی وہ انہیں کاسٹ کرتے ہیں، وہ انہیں ایسی ہی اچھی لگتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب شوبز انڈسٹری میں خوبصورتی سے زیادہ سوشل میڈیا پر شہرت کو دیکھا جاتا ہے، جس کے زیادہ فالوورز ہوتے ہیں، انہیں کاسٹ کرلیا جاتا ہے۔
