بالی ووڈ فلم انڈسٹری کے نوجوان اداکار وجے ورما نے کہا ہے کہ بہت سارے لوگ مجھے حقیقی زندگی میں بھی بُرا سمجھتے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں اداکار وجے ورما نے بتایا کہ کس طرح ولن کے کردار نبھانے پر ان پر ہونے والی تنقید ان کی حقیقی زندگی اور یہاں تک ان کی اداکاری کی صلاحیتوں کو متاثر کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہت سارے لوگ انہیں حقیقی زندگی میں بھی برا سمجھتے ہیں، ان کا خیال ہوتا ہے کہ وہ حقیقت میں بھی اتنے ہی بدمعاش ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں اس وقت دکھ اور تکلیف ہوتی ہے جب خوبصورت لڑکیاں اور ان کی مائیں بھی ان سے خوف کھاتی ہیں اور انہیں اپنے قریب آنے سے روکتے ہوئے کہتی ہیں کہ وہ برے شخص ہیں، ان کے پاس نہ آئیں۔
وجے ورما نے کہا کہ خواتین کے ڈر کی وجہ سے انہیں تکلف ہوتی ہے، انہیں احساس ہوتا ہے کہ شاید وہ بُرے انسان ہیں اور پھر وہ دوسری بار خراب اداکاری کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
اداکار کا کہنا تھا کہ 2016 میں ان کی فلم ”پنک“ کے پریمیئر کے موقع پر گلوکارہ سنیدھی چوہان نے انہیں اپنے قریب آنے سے روکتے ہوئے انہیں کہا تھا کہ وہ ان سے ڈرنے لگی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پریمیئر کے آغاز پر ہر کوئی بہت خوش تھا، ہر کوئی ان کے قریب تھا لیکن فلم دیکھنے کے بعد ہر کسی کی آنکھ میں آنسوں آگئے اور فلم کے اختتام پر خواتین ان سے دور ہونے لگیں، انہیں قریب آنے سے روکا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے گلوکارہ سنیدھی چوہان کو بتانے اور سمجھانے کی بہت کوشش کی لیکن انہوں نے انہیں قریب نہیں آنے دیا اور ان سے خوف کا اظہار کیا، جس پر انہیں دکھ اور شرمندگی ہوئی۔
واضح رہے کہ عام طور پر وجے ورما فلموں میں انتہائی ظالم ولن کے کردار ادا کرتے ہیں تاہم بعض فلموں میں وہ مثبت کرداروں میں بھی نظر آئے ہیں لیکن انہیں غنڈے کے روپ میں زیادہ پسند کیا جاتا ہے۔
