بھارتی فلم انڈسٹری کی سپر اسٹار پریانکا چوپڑا کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں فلم سازی کی ایک ہی زبان ہے۔
بھارتی فلم انڈسٹری کی سپر اسٹار پریانکا چوپڑا سے ایک انٹرویو کے دوران پوچھا گیا کہ وہ بالی ووڈ اور ہالی ووڈ میں کام کرنے کے تجربے کا موازنہ کیسے کریں گی؟
سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ ہر ملک عمومی طور پر مختلف ہوتا ہے، ہر جگہ اپنے ثقافتی طریقے ہوتے ہیں جنہیں ہم پسند کرتے ہیں اور جس طرح ہم کام کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک بڑا فرق جو میں نے ہالی ووڈ اور بالی ووڈ کے درمیان دیکھا وہ یہ ہے کہ ہالی ووڈ میں بہت زیادہ دستاویزی کام ہوتا ہے، ایک دن میں آپ کو 100 ای میلز موصول ہوں گی، وقت کا تعین بہت سختی سے کیا جاتا ہے۔
پریانکا چوپڑا نے کہا کہ ہمارے یہاں بہت زیادہ ’جگاڑ‘ ہوتا ہے اور کام کر لیتے ہیں، ہم کچھ زیادہ رومانٹک ہوتے ہیں جیسے کہ ’ارے ہو جائے گا‘، ’کر لیں گے‘ لہٰذا کام کرنے کا طریقہ کافی مختلف ہوتا ہے لیکن یہ ہر ملک کی خصوصیات کا بھی حصہ ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ ہماری تخلیق بعض اوقات بہت زیادہ قدرتی ہو سکتی ہے، یہ وہ بڑا فرق ہے جو میں نے دیکھا ہے ورنہ دنیا بھر میں فلم سازی ایک ہی زبان بولتی ہے۔
