پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار میزبان حمزہ علی عباسی نے کہا ہے کہ مختلف مذاہب کا مطالعہ کرنے کے بعد اسلام کا انتخاب کیا ہے۔
حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں معروف اداکار میزبان حمزہ علی عباسی نے بتایا کہ وہ اپنے آپ کو پیدائشی مسلمان نہیں سمجھتے بلکہ شعوری مسلمان سمجھتے ہیں اور وہ دین کو سمجھ کر اس پر عمل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ وہ ایک مسلمان گھرانے میں پیدا ہوئے، لیکن ان کی موجودہ زندگی ان کے اپنے شعوری فیصلے کا نتیجہ ہے اور انہوں نے مختلف مذاہب کا مطالعہ کرنے کے بعد اسلام کا انتخاب کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ کوئی مذہبی عالم نہیں ہیں لیکن دین کی وہ باتیں جو انہیں عقلی و شعوری طور پر درست محسوس ہوتی ہیں، ان پر عمل کرنے اور دوسروں تک پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں۔
حمزہ علی عباسی نے کہا کہ انہیں مذہب کے بارے میں جاننے کے لیے کسی بڑے واقعے کا انتظار نہیں کرنا پڑا، بلکہ ان کے ذہن میں اردگرد کی چیزوں سے متعلق سوالات پیدا ہوتے تھے جس کے جوابات جاننے کیلئے انہوں نے مطالعہ کیا، جیسے کہ یہ دنیا کیسے کام کرتی ہے؟ آخرت کی حقیقت کیا ہے؟ کیا واقعی آخرت میں کسی کو جوابدہ ہونا پڑے گا؟
معروف اداکار کا مزید کہنا تھا کہ صرف مسلمان گھرانے میں پیدا ہونا ہی کافی نہیں بلکہ دین کو سمجھ کر اس کی پیروی کرنا بےحد ضروری ہے اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے کئی مذاہب کا مطالعہ کیا اور دین اسلام کو سب سے بہترین پا کر اس کا انتخاب کیا۔
