Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

دنانیر مبین نے احد رضا میر سے شادی کی خبروں کی تردید کردی

پاکستان کی ابھرتی ہوئی اداکارہ دنانیر مبین نے اداکار احد رضا میر سے شادی سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کی تردید کردی۔

دانیر مبین اور احد رضا میر ان دنوں اپنے کامیاب ڈرامے ’میم سے محبت‘ کی وجہ سے سرخیوں کا حصہ بنے ہوئے ہیں تاہم اس ڈرامے کے آتے ہی آن اسکرین جوڑی کو لوگوں نے حقیقی زندگی میں بھی ایک دوسرے سے جوڑنا شروع کردیا ہے۔

حال ہی میں دنانیر مبین نے گریجویشن مکمل کیا جس پر احد رضا میر کے والد سینئر اداکار آصف رضا میر نے انہیں میٹھائی کا ٹوکرا بطور تحفہ پیش کیا۔

احد رضا میر نے دنانیر مبین کو ڈرامے کے سیٹ پر نوٹوں کا ہار پہنایا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی اور صارفین اسے ان کا رشتہ پکا ہونے کا جشن سمجھ بیٹھے۔

حال ہی میں ایک انٹرویو میں دنانیر مبین نے احد رضا میر سے شادی کی ان افواہوں کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا کہ سیٹ پر ان کے گریجویشن مکمل کرنے کا ایک چھوٹا سا جشن تھا اور احد رضا میر کی والدہ نے ان کیلئے گھر سے گوشت پکا کر بھی بھیجا تھا جبکہ احد اور ان کے والد آصف رضا میر سیٹ پر ان کے لیے ہار لے کر آئے تھے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ ایک اداکارہ ہیں اور انہیں اچھا لگتا ہے کہ لوگ ان کے کرداروں کو اس قدر پسند کرتے ہیں لیکن وہ چاہتی ہیں کہ مداح ان کی ذاتی زندگی کو ان کی آن سکرین جوڑیوں سے الگ رکھیں۔

دنانیر مبین نے مزید کہا کہ ناظرین کو سمجھنا چاہیے کہ وہ ایک اداکار ہیں اور وہ ایک ایسا کردار ادا کر رہی ہیں جو ان کی اصل زندگی سے بہت دور ہے۔

Exit mobile version