پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ جڑواں بہنیں ایمن اور منال خان کا بھائی کی مہندی پر دلکش انداز نے مداحوں کے دل جیت لیے۔
شوبز کی جڑواں خوبصورت پاکستانی اداکارائیں ایمن اور منال خان ان دنوں اپنے پیارے بھائی معاذ خان کی شادی کی تقریبات میں مصروف ہیں، تاہم معاذ خان اور صبا معاذ خان کی جوڑی سوشل میڈیا پر سب کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔
ایمن اور منال خان اپنے بھائی کی شادی کی مختلف تقاریب کی تصاویر جاری کر کے مداحوں پر اپنے دلکش لُکس آشکار کر رہی ہیں اور اب اپنے مہندی لُک کے سبب پھر سے سوشل میڈیا پر چھا گئی ہیں۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایمن خان نے اپنی مہندی کی تصاویر شیئر کیں جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ انہوں نے شوخ پنک رنگ کا انارکلی اسٹائل فراک زیب تن کیا جس پر نفیس دھاگے کا کام، سنہری دبکا، کورہ اور موتیوں کی آرائش کی گئی تھی۔
ایمن خان کا گلابی اور سنہری دوپٹہ ان کے انداز کو دلکشی کا رنگ دے رہا تھا جبکہ ان کا سادہ بالوں کا اسٹائل اور ہلکا میک اپ ان کی قدرتی خوبصورتی کو مزید بڑھا رہا تھا۔
دوسری جانب منال خان بھی کسی طرح پیچھے نہ رہیں، انہوں نے ہلکے سبز رنگ کا خوبصورت لہنگا چنا، جس کی کڑھائی شدہ چولی پر سنہری دھاگوں، سیکوئنز اور دبکے کا شاندار امتزاج نظر آ رہا تھا۔
ایمن اور منال خان کے اس اسٹائل نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچا دیا ہے اور مداحوں کی جانب سے تعریفوں کا سلسلہ جاری ہے۔
