پاکستان کی سینئر اداکارہ، میزبان، مصنفہ اور کامیڈین بشریٰ انصاری نے انکشاف کیا ہے کہ سابق شوہر اقبال انصاری سے طلاق کے باوجود میں نے اپنے نام کے ساتھ ’انصاری‘ برقرار رکھنے کا فیصلہ اس لیے کیا تاکہ لوگوں کو کنفیوژن نہ ہو۔
حال ہی میں بشریٰ انصاری نے ایک پروگرام میں شرکت کی جہاں انہوں نے طلاق کے بعد اپنا نام تبدیل نہ کرنے کے حوالے سے گفتگو کی۔
اداکارہ نے بتایا کہ سرکاری دستاویزات میں ان کا نام ’بشریٰ بشیر‘ ہے تاہم وہ طویل عرصے سے بشریٰ انصاری کے نام سے جانی جاتی ہیں۔ کئی لوگ مجھے مشورہ دیتے ہیں کہ میں اپنے نام سے ’انصاری‘ ہٹا دیں لیکن میں ایسا نہیں کرنا چاہتی کیونکہ اس سے لوگوں کے لیے مزید الجھن پیدا ہوسکتی ہے۔
بشریٰ انصاری نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ صبا حمید ایک طویل عرصے تک صبا پرویز کے نام سے جانی جاتی رہی ہیں اور لوگوں کو اس نام کی عادت ہوگئی تھی اسی طرح اگر میں بھی اپنا نام تبدیل کرتی تو لوگ ’بشریٰ بشیر‘ اور ’بشریٰ انصاری‘ کے حوالے سے کنفیوژن کا شکار ہوجاتے۔
اداکارہ نے کہا کہ اقبال انصاری خود ایک معروف شخصیت ہیں اور ان کی بیٹیاں بھی انصاری ہیں۔ اگر انصاری خاندان کو ان کے نام کے ساتھ ’انصاری‘ رکھنے پر کوئی اعتراض نہیں تو دوسروں کو بھی اس پر اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔
آخر میں بشریٰ انصاری نے مزید کہا کہ یہی وجہ ہے کہ میں نے اپنا نام تبدیل نہ کرنے اور ’انصاری‘ اپنے نام کے ساتھ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔
