پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار گوہر رشید نے خواتین کے لیے معاشرے میں استعمال ہونے والے توہین آمیز الفاظ اور تضحیک آمیز رویوں کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے اہم پیغام دیا ہے۔
اداکار نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے خواتین کے لیے روزمرہ زندگی میں استعمال کیے جانے والے مختلف الفاظ کی نشاندہی کی۔
ویڈیو میں موٹی، پتلی اور کالی جیسے الفاظ درج کرتے ہوئے گوہر رشید نے کہا کہ خواتین کے لیے اس طرح کے الفاظ کا استعمال نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے معاشرے کے رویے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ذرا تصور کریں کہ اگر دنیا کی کسی بھی لغت میں ایسے الفاظ موجود ہی نہ ہوں تو ہم خواتین کو کن الفاظ سے مخاطب کریں گے اور ان کے بارے میں کیا کہیں گے؟
گوہر رشید نے اپنے پیغام میں خواتین کی تضحیک اور انہیں ظاہری شکل و صورت کی بنیاد پر تنقید کا نشانہ بنانے کے رویے کی مخالفت کی۔
اداکار کے اس مؤقف کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے جبکہ شوبز انڈسٹری کی شخصیات نے بھی ان کے پیغام کی حمایت کی ہے۔
ان کی اہلیہ اور اداکارہ کبریٰ خان نے بھی اپنے شوہر کے اس اقدام پر فخر کا اظہار کیا جبکہ اداکار بلال عباس خان نے بھی گوہر رشید کے لیے محبت بھرا پیغام شیئر کیا۔
