اگر آپ کا بچہ بھی کھانا کھانے میں تنگ کرتا ہے تو یہ 7 طریقے اپنائیں اور اس پریشانی سے نجات پائیں۔
ان طریقوں پر عمل کر کے آپ بچے کو اس کی پسند کا کھانا خوشگوار ماحول میں کھلا سکتے ہیں۔
1- ذائقے میں بچے کی پسند کا خیال رکھیں
آپ بچے کو کتنی بھی صحت بخش غذا کھلانا چاہیں وہ اس وقت تک نہیں کھائیں گے جب تک وہ ان کو مزیدار نہیں لگے گا۔
اس لئے الگ سے صحت بخش کھانا دینے کے بجائے بچوں کے پسند کے کھانوں میں سبزیاں اور گوشت کے ٹکڑے ملائیں تاکہ وہ شوق سے کھاسکیں۔
2- بچوں کو ان کا کھانا خود پسند کرنے دیں
اگر آپ کا بچہ کوئی سبزی یا پھل خود اٹھاتا ہے تو اسے اٹھانے دیں۔
بچے ان چیزوں کو زیادہ شوق سے کھانا پسند کرتے ہیں جو انھوں نے اپنی مرضی سے اٹھائی ہو۔
3- روز ایک طرح کا کھانا نہیں پکائیں
بچوں کو روز مختلف کھانے پکا کر دیں کیونکہ اگر انھیں روز روز ایک ہی چیز دی جائے گی تو وہ خوراک بچوں کو کتنی ہی کیوں نہ پسند ہو وہ اسے چڑنے لگیں گے،کھانے کے معاملے میں یکسانیت سے بچیں۔
4- بچوں کو خوش شکل کھانا دیں
بچے کو کھانا دینے کے وقت خیال رکھیں کہ اس میں کوئی خوبصورتی یا انوکھا پن پیدا ہو جیسے سینڈوچ بناتے ہوئے کسی ساس یا کیچپ سے اسمائلی فیس بنادیں۔
خوش شکل ، رنگ برنگا کھانا بچوں کو کھانے کی جانب متوجہ کرنے کا ایک کامیاب طریقہ ہے۔
5- کھانا پکانے کے عمل میں بچوں کو ساتھ ملائیں
کھانا پکاتے ہوئے بچوں کو اپنے ساتھ شامل کرنا ایک بہترین خیال ہے۔ پکانے کے دوران بچوں سے پوچھتی جائیں کہ وہ کون کون سی سبزی اس ڈش میں شامل کرنا چاہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ننھے بچے کی چمچ سے کھانا کھانے کی دلچسپ کوشش
بچے نا صرف آپ کی بات کا خوشی خوشی جواب دیں گے بلکہ بعد میں وہ اپنی مرضی کی چیز شوق سے کھانا بھی چاہیں گے۔
6- بچوں کے ساتھ کھانا کھائیں
صرف بچوں کو اکیلے کھانے کو نہ کہیں بلکہ خود بھی ان کے ساتھ شریک ہوں اس سے ایک تو آپ کو پتہ رہے گا کہ بچہ صحیح طرح کھا رہا ہے یا نہیں اور دوسرا اس طرح آپ بچے کو باتوں میں مشغول کرکے کھانے کا شوق پیدا کرسکتے ہیں۔
7- بچے کو انعام کا لالچ دیں
اگر بچوں کو یہ کہا جائے کہ کھانا ختم کرنے پر انھیں کوئی چھوٹا سا تحفہ جیسے ٹافی یا چاکلیٹ ملے گی تو اس سے بھی ان میں کھانے کی تحریک پیدا ہوگی البتہ اس بات کا دھیان رکھیں کہ بچہ صرف تحفے کے شوق میں بھوک سے زیادہ کھانا کھانے پر مجبور نہ ہوجائے کیونکہ اس سے بچے کا ہاضمہ خراب ہوسکتا ہے۔
