Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

چیکو کو ٹھنڈا کر کے کیوں کھانا چاہیے؟ جانیے

چیکو کا استعمال مجموعی صحت سمیت خوبصورتی پر بھی مثبت اثرات مرتب کرتا ہے جس کے نتیجے میں بال، جلد، ناخن بھی صحت مند ہوتے ہیں۔

غذائی ماہرین کے مطابق چیکو میں فائبر، وٹامن اے، سی اور بی 1 کی بھر پور مقدار پائی جاتی ہے جبکہ معدنیات میں آئرن، فاسفورس، کوپر، کیلشیم، سوڈیم، پوٹاشیم وغیرہ موجود ہوتے ہیں۔

چیکو میں شوگر کی بھی مقدار پائی جاتی ہے، یہ معدے اور آنتوں کے لیے مفید پھل ہے، چیکو نظام ہاضمہ کی کارکردگی درست کرنے والے انزائمز پیدا کرتا ہے جس سے بدہضمی کی شکایت دور ہوتی ہے۔

اس میں پائے جانے والے اینٹی آکسیڈینٹ بیماریوں کے خلاف جسم میں دفاعی نظام پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

طبی و غذائی ماہرین کے مطابق یہ معدے کی تیزابیت کم کرتا ہے، چھاتی اور بڑی آنت کے سرطان میں بچاؤ کے لیے مفید ہے، چیکو کا استعمال الرجی میں بھی راحت دیتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: روزانہ ایک کپ کافی پینے سے جسم پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں؟ جانیے

وٹامن اے کی بھرپور مقدار رکھنے کے سبب چیکو بینائی کے لیے بھی مفید پھل ہے، اس میں موجود وٹامن ڈی توانائی فراہم کرتا ہے اور ہڈیوں کو مضبوط بناتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ چیکو کا استعمال حاملہ خواتین کے لیے بھی بے حد مفید ہے کیونکہ چیکو میں کاربوہائیڈریٹس موجود ہوتے ہیں جو حاملہ خواتین کو طاقت اور مطلوبہ غذائیت فراہم کرتے ہیں۔

اس کے علاوہ چیکو کا فرحت بخش ذائقہ اور خوشبو متلی اور کمزوری کی کیفیت کو دور کرتے ہیں، اس میں فائبر بھی پایا جاتا ہے جو جسم کو موسمی انفیکشن اور نقصان دہ جراثیم سے تحفظ فراہم کرتا ہے۔

چیکو میں آئرن، فاسفورس اور کیلشیم موجود ہوتا ہے، کیلشیم اور فاسفوس مل کر ہڈیوں کو مضبوط بناتے ہیں اور آئرن خون کی کمی کو دور کرتا ہے۔

چیکو گردے اور مثانے میں بنی پتھری بھی خارج کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے اور گردوں کی دیگر بیماریوں سے بھی تحفظ دیتا ہے۔

یہ پھل وزن میں کمی کا سبب بنتا ہے جس کے باعث انسان موٹاپے کا شکار ہونے سے بچ جاتا ہے۔

لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ چیکو کو ٹھنڈا کر کے کیوں کھانا چاہیے؟ اگر نہیں تو آئیے ہم آپکو بتاتے ہیں۔

چیکو گلا ہوا ہو تو زیادہ لذیذ ہوتا ہے البتہ سارا دن دھوپ میں رہنے کی وجہ سے پھل کی تاثیر بگڑ بھی سکتی ہے۔

اس کے علاوہ دھول مٹی اور دھواں سب پھل کے اندر جذب ہوجاتا ہے، اس لئے پھل کو گھر میں لا کر دھو لیں اور پھر فریج میں رکھ کر ٹھنڈا کر کے کھائیں تاکہ دل اور دماغ کو تراوٹ پہنچے۔

Exit mobile version