دنیا بھر میں لاکھوں لوگ موٹاپے کا شکار ہیں اور اس کو کم کرنے کیلئے نئے طریقوں کی تلاش میں رہتے ہیں۔
ایسے تمام افراد کو آج ہم ایک نہایت آسان طریقہ بتائیں گے جس میں آپ کو ورزش یا ڈائٹنگ کیے بغیر بھی وزن کم کر لیں گے۔
جسمانی وزن میں کمی لانے کے لیے مختلف سرگرمیوں جیسے چہل قدمی، دوڑنا، ورزش یا سائیکلنگ کی مدد بھی لی جاتی ہے ، مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ صرف پانی پینے سے بھی جسمانی وزن میں کسی حد تک کمی لانا ممکن ہے؟
اس کی وجہ یہ ہے کہ مناسب مقدار میں پانی پینا غذا کو زیادہ کھانے سے روکنے میں مدد فراہم کرتا ہے جس سے جسمانی وزن میں اضافہ نہیں ہوتا۔
حال ہی میں زیادہ جسمانی وزن والی خواتین پر ہونے والی ایک تحقیق میں دن بھر میں معمول سے ایک لیٹر زیادہ پانی پینے کے اثرات کا تجزیہ کیا گیا۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ 12 ماہ کے عرصے میں ان خواتین نے اضافی 2 کلوگرام جسمانی وزن کم کیا اور یہ اس لیے متاثر کن ہے کیونکہ ان خواتین نے زیادہ پانی پینے کے علاوہ طرز زندگی میں کوئی تبدیلی نہیں کی تھی۔
رپورٹس کے مطابق آدھا لیٹر پانی پینا اضافی 23 کیلوریز جلاتا ہے اور سالانہ بنیادوں پر یہ تعداد 17 ہزار کیلوریز بن جاتی ہے یا یوں کہہ لیں کہ 2 کلو گرام چربی۔
رپورٹس میں عندیہ دیا گیا کہ ٹھنڈا پانی پینے سے زیادہ فائدہ ہوتا ہے کیونکہ جب آپ ٹھنڈا پانی پیتے ہیں تو جسم کو اپنا درجہ حرارت بڑھانے کے لیے اضافی کیلوریز کو جلانا پڑتا ہے۔
تحقیقی رپورٹس سے ثابت ہوتا ہے کہ ہر بار کھانے سے قبل پانی پینا آئندہ 12 ہفتوں میں جسمانی وزن میں 2 کلوگرام تک کمی لاسکتا ہے کیونکہ اس سے کھانے کی خواہش کم ہوتی ہے۔
آپ کو کتنا پانی روز پینا چاہیے؟
بیشتر طبی اداروں کی جانب سے ایک دن میں 8 گلاس یا 2 لیٹر پانی پینے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔
