ہمارے جسم کا 60 فیصد حصہ پانی پر مشتمل ہوتا ہے اور تمام جسمانی افعال کے لیے ہمیں اس کی ضرورت ہوتی ہے۔
پانی اعضا سے زہریلے مواد کو خارج کرتا ہے، خلیات تک غذائی اجزا پہنچاتا ہے، جوڑوں کے لیے گریس کا کام کرتا ہے۔
اگر آپ پانی کی مناسب مقدار کا استعمال نہ کریں تو ڈی ہائیڈریشن کے نتیجے میں سانس میں بو، سر چکرانے، ذہنی الجھن اور دیگر مسائل کا سامنا ہوسکتا ہے۔
مگر اہم سوال یہ ہے کہ روزانہ کتنے گلاس پانی پینا اچھی صحت کیلئے ضروری ہے؟
امریکا کے انسٹیٹیوٹ آف میڈیسن آف دی نیشنل اکیڈمیز نے پانی کی مقدار کے حوالے سے چند سفارشات کی ہیں جن کے مطابق 4 سے 8 سال کے بچوں کو روزانہ 7 کپ پانی پینا چاہیے۔
9 سے 13 سال کے لڑکوں کو 10 جبکہ اسی عمر کی لڑکیوں کو 9 کپ پانی پینا چاہیے، 14 سے 18 سال کے لڑکوں کو 14 جبکہ اسی عمر کی لڑکیوں کو 10 کپ پانی پینا چاہیے۔
اسی طرح بالغ خواتین کو روزانہ 2.7 لیٹر (یا 11 کپ) جبکہ مردوں کو 3.7 لیٹر (یا 15 کپ) پانی پینا چاہیے۔
یہ واضح رہے کہ اتنی مقدار میں سیال ضروری نہیں کہ صرف پانی کے ذریعے جسم کا حصہ بنایا جائے۔
عموماً غذا سے ہی جسم کو روزانہ درکار سیال کا 20 فیصد تک حصہ مل جاتا ہے۔ غذا سے ہٹ کر چائے، کافی اور دیگر مشروبات سے بھی جسم کے لیے پانی کی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملتی ہے۔
اگر موسم گرم ہو تو پھر زیادہ پانی کی ضرورت ہوسکتی ہے خاص طور پر اگر پسینہ زیادہ آرہا ہے۔
