خون کی کمی دنیا بھر میں کروڑوں افراد کو ہوتی ہے اور اس کو بہترین غذاؤں کے استعمال سے دور کیا جاسکتا ہے۔
خون کی کمی کو طبی زبان میں انیمیا کہا جاتا ہے جس کی کئی اقسام ہیں مگر سب سے عام قسم کا سامنا جسم میں آئرن کی کمی کے باعث ہوتا ہے۔
اچھی بات یہ ہے کہ چند عام غذاؤں سے جسم میں آئرن کی کمی کو دور کیا جاسکتا ہے۔
آئیے جانتے ہیں ان غذاؤں کے بارے میں جن کو کھانے سے آئرن کی کمی کو دور کیا جاسکتا ہے۔
دالیں
دالوں میں آئرن کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے جبکہ ان میں فائبر جیسا غذائی جز بھی کافی زیادہ مقدار میں ہوتا ہے۔
کشمش
کشمش کھانے کی عادت خون کی کمی سے متاثر ہونے سے بچا سکتی ہے، اس میوے میں آئرن، کاپر اور وٹامنز موجود ہوتے ہیں جو خون کی سرخ خلیات کے بننے کے عمل کے لیے اہم ہوتے ہیں۔
کھجور
کھجوروں کو کھانے سے جسم میں آئرن کی سطح بڑھتی ہے، جس سے خون کی کمی جلد دور کرنے میں مدد ملتی ہے۔
پالک
100 گرام پالک سے جسم کو 2.7 ملی گرام آئرن ملتا ہے جو روزانہ درکار مقدار کے 15 فیصد حصے کے برابر ہے۔
کلیجی
کلیجی، گردے اور مغز سب میں آئرن کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے۔ گائے کی کلیجی کی 100 گرام مقدار میں 6.5 ملی گرام آئرن ہوتا ہے جو روزانہ درکار مقدار کے 36 فیصد حصے کے برابر ہے۔
گائے، بکرے اور مرغی کا گوشت
گائے اور بکرے کے گوشت میں بھی آئرن کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے جبکہ مرغی کے گوشت میں ذرا کم ہوتی ہے۔
مچھلی
مچھلی میں بھی آئرن کی اچھی خاصی مقدار موجود ہوتی ہے۔ مچھلی کے گوشت میں اومیگا 3 فیٹی ایسڈز بھی ہوتے ہیں جو دماغی صحت کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ مدافعتی نظام کو مضبوط کرتے ہیں۔
ڈارک چاکلیٹ
تحقیقی رپورٹس کے مطابق چاکلیٹ کھانے سے آئرن کی کمی دور کرنے کے ساتھ ساتھ خون میں کولیسٹرول کی سطح میں کمی آتی ہے جس سے ہارٹ اٹیک اور فالج کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
چنے
اگر آپ کو چنوں کی چاٹ پسند ہے تو اچھی خبر یہ ہے کہ اس سے خون کی کمی کے مسئلے پر قابو پانے میں مدد مل سکتی ہے کیونکہ چنوں میں آئرن کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے۔
