ڈاکٹرز کی رائے کے مطابق دن میں 8 گلاس پانی پینا اچھی صحت کیلئے ضروری ہے لیکن کیا آپ ایسے اوقات کے بارے میں جانتے ہیں جن میں پانی پینا صحت کیلئے فائدہ مند ہوتا ہے؟ اگر نہیں تو آج ہم آپ کو بتائیں گے۔
درج ذیل میں وہ اوقات دیے گئے ہیں، جن میں پانی پینا صحت کو بہت زیادہ فائدہ پہنچا سکتا ہے۔
جب آپ کو بھوک کا احساس ہو
اگر بے وقت بھوک محسوس ہو تو کچھ کھانے سے پہلے ایک یا 2 گلاس پانی پی لیں، اگر بھوک کا احساس ختم ہو جائے تو سمجھ لیں کہ آپ کو حقیقت میں پیاس لگی تھی۔
جب بیدار ہوں
صبح اٹھ کر سب سے پہلے پانی پینا صحت کے لیے بہترین ہوتا ہے۔ رات بھر ہمارا جسم کھانے اور پانی سے دور رہتا ہے اور بیدار ہوتے ہی پانی پینے سے سستی دور ہوتی ہے۔
جب پسینہ آئے
جب بھی پسینہ آتا ہے تو اس سے جسمانی سیال کی مقدار میں کمی آتی ہے تو بہتر ہے کہ پانی پی لیں تاکہ ڈی ہائیڈریشن سے بچ سکیں۔
ورزش کرنے سے پہلے اور بعد میں
ورزش کے دوران بہت زیادہ پسینہ خارج ہوتا ہے تو اسے کرنے سے پہلے پانی پی لیں۔ ورزش کرنے کے بعد بھی پانی ضرور پینا چاہیے تاکہ جسمانی سیال میں آنے والی کمی دور کر سکیں۔
جب آپ بیمار ہوں
بیماری سے جلد نجات کے لیے مناسب مقدار میں پانی پینے سے مدد ملتی ہے۔ ہیضہ، قے اور بخار کے دوران جسمانی سیال میں نمایاں کمی آتی ہے تو زیادہ مقدار میں پانی پینا چاہیے۔
دوپہر میں جب سستی یا غنودگی کا سامنا ہو
دوپہر میں اکثر افراد کو سستی اور غنودگی جیسی کیفیات کا سامنا ہوتا ہے۔ تو چائے یا کافی کی بجائے ایک یا 2 گلاس پانی پی لیں، اس سے سستی دور ہو جائے گی جبکہ مزاج اور یادداشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
سر درد کے دوران
آدھے سر کا درد یا مائیگرین کا سامنا اکثر جسم میں پانی کی کمی کی وجہ سے ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کئی بار پانی پینے سے سر درد کی شدت میں نمایاں کمی آتی ہے۔
کھانے سے قبل
ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ کھانے سے 30 منٹ قبل پانی پینے سے 12 ہفتوں کے دوران ایک سے 2 کلو گرام جسمانی وزن میں کمی آسکتی ہے۔
ایک اور تحقیق میں بتایا گیا کہ کھانے سے آدھا گھنٹہ پہلے 2 گلاس پانی پینے سے 8 ہفتوں میں جسمانی وزن میں نمایاں کمی آتی ہے اور چربی گھلنے کا عمل تیز ہو جاتا ہے۔
