کیا آپ روزانہ ایک امرود کھانے کے فوائد جانتے ہیں؟ اگر نہیں تو آج ہم آپ کو بتائیں گے۔
ناشپاتی کی شکل کا یہ پھل صحت کے لیے بہت زیادہ فائدہ مند ہے۔ اس میں متعدد غذائی اجزاء موجود ہوتے ہیں جن میں وٹامن سی نمایاں ہے مگر اس کے ساتھ ساتھ متعدد اینٹی آکسائیڈنٹس بھی اس پھل کا حصہ ہوتے ہیں۔
قبض سے تحفظ
امرود کا ایک خاص جز فائبر ہے جو نظام ہاضمہ کے لیے بہت اہم ہوتا ہے۔ ایک امرود سے دن بھر کے لیے درکار فائبر کی 12 فیصد مقدار حاصل ہوتی ہے جبکہ اس کے بیج جلاب جیسا اثر کرتے ہیں جس سے قبض سے نجات یا اس کی روک تھام میں مدد ملتی ہے۔
مدافعتی نظام مضبوط بنائے
امرود میں وٹامن سی کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے، وٹامن سی سے موسمی بیماریوں سے بچنے یا ان کا دورانیہ کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔ یہ وٹامن مدافعتی نظام کے لیے بہت اہم ہوتا ہے۔
ذیابیطس کے مریضوں کے لیے مفید
فائبر سے بھرپور ہونے کی وجہ سے یہ پھل ذیابیطس کے مریضوں کے لیے نقصان دہ نہیں ہوتا کیونکہ اس کے کھانے سے بلڈ شوگر کی سطح میں تیزی سے اضافہ نہیں ہوتا۔
دل کو صحت مند بنائے
امرود سے جسم میں سوڈیم اور پوٹاشیم کا توازن بہتر ہوتا ہے جس سے بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنا آسان ہوجاتا ہے۔
بینائی کے لیے بھی فائدہ مند
اس پھل میں وٹامن اے موجود ہوتا ہے جو بینائی کے لیے اہم ہوتا ہے۔ وٹامن اے سے عمر بڑھنے کے ساتھ بینائی میں آنے والی تنزلی کا خطرہ کم ہوتا ہے جبکہ دیگر امراض سے بھی تحفظ ملتا ہے۔
جسمانی وزن میں کمی
امرود کھانے کی عادت سے میٹابولزم کو بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے ۔ اس پھل کو کھانے سے پیٹ بھرنے کا احساس دیر تک برقرار رہتا ہے جس سے بے وقت کھانے کی عادت سے نجات ممکن ہوتی ہے جس سے جسمانی وزن میں کمی لانا کچھ آسان ہوجاتا ہے۔
بڑھتی عمر کے اثرات کی روک تھام
امردو میں وٹامن اے، وٹامن سی اور اینٹی آکسائیڈنٹس جیسے کیروٹین وغیرہ کی موجودگی سے جلد کو جھریوں سے پاک رکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
