Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

تناؤ جیسے عام مسئلے سے بچنا بہت آسان

تناؤ کا سامنا دنیا بھر میں بہت سے لوگوں کو ہوتا ہے اور اس کا تعلق کسی ایک مخصوص عمر کی حد سے نہیں ہے۔

ویسے تو معمولی تناؤ نقصان دہ نہیں بلکہ انسان کو حالات سے مقابلہ کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے، مگر بہت زیادہ یا دائمی تناؤ شخصیت پر جسمانی اور ذہنی اعتبار سے منفی اثرات مرتب کرسکتا ہے بلکہ مختلف امراض سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ اس پر قابو پانے سے صحت اور شخصیت دونوں پر خوشگوار اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

تناؤ کو کنٹرول میں رکھنے کے چند بہترین اور آسان طریقے درج ذیل ہیں۔

چیونگم سے مدد لیں

تحقیقی رپورٹس کے مطابق چیونگم کھانے سے انزائٹی اور تناؤ میں کمی آتی ہے، ماہرین کے خیال میں جبڑے چلنے سے دماغ کی جانب سے خون کا بہاؤ بہتر ہوتا ہے جبکہ اس کی مہک اور ذائقے سے بھی پرسکون ہونے میں مدد ملتی ہے۔

گھر سے باہر نکلیں

کسی پارک یا کسی تفریحی مقام پر جانے یا گھر سے باہر نکل کر کچھ دیر تک چہل قدمی کرنے سے تناؤ کو کنٹرول میں کرنے میں مدد ملتی ہے۔

مسکرانا مت بھولیں

مسکرانے سے چہرے اور آنکھوں کے مسلز متحرک ہوتے ہیں جس سے تناؤ کے حوالے سے جسمانی ردعمل کی شدت گھٹ جاتی ہے۔

اچھی خوشبو سونگھیں

مخصوص خوشبوئیں جیسے لیونڈر کو سونگھنے سے سکون محسوس ہوتا ہے۔ ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ لیونڈر آئل کے استعمال سے تناؤ کی شدت میں کمی آتی ہے۔

موسیقی بھی مفید

ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ پرتناؤ حالات میں موسیقی سننے سے جسم میں تناؤ کی سطح بڑھانے والے ہارمونز کی تعداد میں کمی آتی ہے۔

سانس سے بھی مدد لے سکتے ہیں

سانس لینے کے طریقے سے تناؤ پر قابو پانے میں مدد ملتی ہے۔ اس کے لیے کسی جگہ خاموشی سے بیٹھ کر آہستگی سے ناک سے سانس لیں اور پھر آہستگی سے باہر خارج کریں۔ اس عمل کو 10 باہر دہرانے سے تناؤ پر قابو پانے میں مدد ملتی ہے۔

اپنے خیالات تحریر کریں

اپنے جذبات کو کاغذ پر تحریر کرنے سے مسائل کو حل کرنے کے لیے منصوبہ بنانے میں مدد ملتی ہے۔ اگر کاغذ پر لکھنا پسند نہیں تو کسی فون ایپ یا لیپ ٹاپ پر بھی اپنے خیالات کو تحریر کر سکتے ہیں۔

دوست سے بات کریں

جب تناؤ بہت زیادہ محسوس ہو تو کسی دوست یا پیارے سے بات کریں۔ کسی فرد سے بات کرنے پر تنہائی اور تناؤ کے احساسات میں کمی آتی ہے۔

Exit mobile version