Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

جسمانی وزن میں کمی لانے کے لیے بہترین غذائیں کون سی ہیں؟ جانیے

اگر آپ بھی موٹاپے کا شکار ہیں اور جسمانی وزن میں کمی لانے کی کوشش میں ہیں تو ذیل میں بتائی گئیں غذائیں کھانا شروع کردیں۔

بیج اور دالیں

چنے، لوبیا یا دالوں میں پروٹین کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے۔

ان میں فائبر کی مقدار بھی کافی زیادہ ہوتی ہے جس سے غذا سست روی سے ہضم ہوتی ہے اور  پیٹ بھرنے کا احساس زیادہ دیر تک برقرار رہتا ہے۔

جب پیٹ بھرنے کا احساس دیر تک برقرار رہتا ہے تو بے وقت کھانے کی عادت سے بچنے میں مدد ملتی ہے اور جسمانی وزن میں کمی لانا آسان ہو جاتا ہے۔

سوپ

کھانے کا آغاز سوپ سے کیا جائے تو کم غذا جزو بدن بنانے میں مدد ملتی ہے۔

کم کیلوریز کے استعمال سے جسمانی وزن میں کمی لانا ممکن ہو جاتا ہے۔

یخنی یا سوپ سے صحت کو بھی فائدہ ہوتا ہے اور موسمی نزلہ زکام سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔

ڈارک چاکلیٹ

کچھ مقدار میں ڈارک چاکلیٹ کا استعمال بھی جسمانی وزن میں کمی لانے کے لیے مفید ثابت ہو سکتا ہے۔

ڈارک چاکلیٹ کھانے والے افراد چند گھنٹے بعد جنک فوڈ کے استعمال سے گریز کرتے ہیں۔

دہی

دہی میں پروٹین کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے۔

اگر آپ ناشتے میں دہی کھاتے ہیں تو دن بھر بے وقت کھانے سے بچنے میں مدد مل سکتی ہے کیونکہ پروٹین کھانے کی اشتہا کم کرتا ہے۔

بس دہی میں چینی کو شامل نہ کریں۔

سیب

سیب کھانے کی عادت بھی موٹاپے سے نجات کے لیے بہترین ثابت ہوسکتی ہے۔

سیب کھانے سے بے وقت بھوک محسوس نہیں ہوتی۔

اسی طرح سیب میں فائبر جیسا غذائی جز بھی موجود ہوتا ہے جس سے پیٹ بھرنے کا احساس دیر تک برقرار رہتا ہے۔

گریپ فروٹ

گریپ فروٹ کھانے سے بھی جسمانی وزن میں کمی لانے میں مدد ملتی ہے۔

دن یا رات کو کھانے سے قبل آدھا گریپ فروٹ کھانے سے 12 ہفتوں میں جسمانی وزن میں 2 کلو کے قریب کمی آتی ہے۔

کیلے

کیلوں میں موجود فائبر سے جسمانی وزن میں کمی لانے میں بھی مدد مل سکتی ہے کیونکہ اس سے پیٹ بھرنے کا احساس دیر تک برقرار رہتا ہے اور بے وقت کچھ کھانے کی خواہش نہیں ہوتی۔

البتہ اس پھل کی بہت زیادہ مقدار کھانے سے گریز کرنا چاہیے کیونکہ اس میں کاربوہائیڈریٹس کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جو جسمانی وزن میں اضافے کا باعث بن سکتی ہے۔

سبز چائے

سبز چائے پینے سے بھی جسمانی وزن میں کمی لانا ممکن ہے۔

اس مشروب سے جسم کے اندر کیلوریز جلانے والا انجن متحرک ہوتا ہے جس سے جسمانی وزن میں کمی لانا آسان ہوجاتا ہے۔

Exit mobile version