سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی نزلہ، زکام، بخار اور کھانسی عام بیماریاں بن کر سامنے آتی ہیں جن سے ہر دوسرا فرد متاثر نظر آتا ہے۔
لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ کھانسی اور زکام کی علامات رات کو ہی کیوں بڑھتی ہیں؟ اگر نہیں تو آئیے ہم آپکو بتاتے ہیں۔
دن کے وقت عام طور پر انسان حرکت میں رہتا ہے جبکہ اس کے برعکس رات کے وقت وہ سکون سے بستر پر دراز ہوتا ہے جس کی وجہ سے ناک میں جمع ہونے والا بلغم حلق میں گرتا ہے جس سے کھانسی ہونے لگتی ہے۔
رات کے وقت پھیپھڑے عام طور پر زکام سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں جس کی وجہ سے سانس کی نالیاں قدرے سکڑ جاتی ہیں اور سانس لینے میں دشواری محسوس ہونے لگتی ہے۔ اس سے دمہ میں مبتلا افراد زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔
بعض افراد کو مخصوص چیزوں سے الرجی ہوتی ہے جیسا کہ مخصوص خوشبو یا بو، دھواں یا گرد وغیرہ جس کی وجہ سے انہیں رات کو کھانسی کی شدت میں اضافے کی شکایت ہوتی ہے۔
رات کے وقت سردی کی علامات میں اضافے سے نیند متاثر ہوتی ہے اور نیند اگر پوری نہ ہو تو صحت خراب ہونے کا خدشہ ہوتا ہے جس سے قوت مدافعت متاثر ہوتی ہے۔
