آج ہم آپکو بتائیں گے ہماری کونسی غلطی ہمیں جلدی بڑھاپے اور جان لیوا امراض کا شکار بنا دیتی ہے۔
ایک حالیہ تحقیق کے مطابق پانی کم پینا آپ کو قبل از وقت بڑھاپے سمیت دائمی امراض کا شکار بھی بنا سکتا ہے۔
جی ہاں، تحقیق میں بتایا گیا کہ اگر آپ مناسب مقدار میں پانی پینے سے گریز کرتے ہیں تو اس کے نتیجے میں قبل از وقت بڑھاپے، متعدد دائمی امراض اور جلد موت کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
تحقیق میں دریافت ہوا کہ خون میں سوڈیم کی زیادہ مقدار سے قبل از وقت بڑھاپے کی جانب سفر تیز ہوجاتا ہے جس کے نتیجے میں ہائی بلڈ پریشر، کولیسٹرول اور بلڈ شوگر جیسے مسائل کا خطرہ بڑھتا ہے۔
اسی طرح کم پانی پینے والے افراد میں دائمی امراض جیسے فالج، امراض قلب، پھیپھڑوں کے امراض، ذیابیطس اور ڈیمینشیا کا خطرہ 64 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔
تحقیق کے مطابق پانی کم پینے کی عادت سے قبل از وقت موت کا خطرہ بھی 20 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔
محققین کا کہنا ہے کہ عمر بڑھنے کے ساتھ دائمی امراض سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے مگر پانی کی ناکافی مقدار پینے سے ان امراض اور دیگر خطرات کا سامنا درمیانی عمر میں ہی ہوسکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جس طرح جسمانی سرگرمیاں اور اچھی غذا کو صحت مند طرز زندگی کا حصہ تصور کیا جاتا ہے، اسی طرح مناسب مقدار میں پانی پینے کی عادت سے بھی جسمانی عمر میں اضافے کے عمل کو سست کرنا ممکن ہے اور صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مناسب مقدار میں پانی پینا کسی نقصان کا باعث نہیں۔
