آج ہم آپکو بتائیں گے کہ روزانہ گوشت کھانے سے جسم پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
ایک حالیہ تحقیق کے مطابق اگر آپ روز گوشت کھانا پسند کرتے ہیں تو آپ کی یہ عادت الزائمر جیسے سنگین دماغی مرض کا شکار بنا سکتی ہے۔
جی ہاں، تحقیق میں بتایا گیا کہ گوشت اور پراسیس غذاؤں کے زیادہ استعمال اور الزائمر امراض سے متاثر ہونے کے درمیان مضبوط تعلق موجود ہے۔
ماہرین نے اس تحقیق میں 438 افراد کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی، جن میں سے 108 الزائمر کے شکار تھے جبکہ 330 صحت مند تھے۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ جن افراد میں الزائمر کی تشخیص ہوئی تھی وہ گوشت، پیزا اور دیگر پراسیس غذاؤں کو اکثر کھانا پسند کرتے تھے، اس کے ساتھ ساتھ یہ افراد پھلوں اور سبزیوں کا بہت کم استعمال کرتے تھے۔
الزائمر امراض ڈیمینشیا کی ایک جان لیوا قسم ہے جس کا ابھی کوئی علاج موجود نہیں۔
محققین نے کہا کہ جوان افراد کو درمیانی عمر یا بڑھاپے میں اپنے دماغ کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے صحت بخش غذاؤں کااستعمال کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ الزائمر امراض کا آغاز درمیانی عمر میں ہوتا ہے اور جوانی میں صحت کے لیے نقصان دہ طرز زندگی اس کی وجہ بنتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سبز پتوں والی سبزیاں، گھر میں پکے کھانوں کا استعمال زیادہ کرنا چاہیے جبکہ جنک یا پراسیس فوڈز کا کم از کم استعمال کرنا چاہیے۔
محققین کے مطابق ہماری غذائی عادات دماغی صحت پر اثرانداز ہوتی ہیں جبکہ دل کی شریانوں کے مسائل اور موٹاپے کا خطرہ بھی بڑھتا ہے۔
