یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ جسم چاہے جتنا بھی مضبوط ہو اگر دماغی طور پر کمزور ہو تو دنیا میں آگے بڑھنے یا روشن مستقبل کا تصور تک ممکن نہیں۔
حیران کن بات یہ ہے کہ لوگ جسمانی صحت پر تو توجہ دیتے ہیں مگر دماغی نشوونما کو نظرانداز کردیتے ہیں۔
درحقیقت دماغ ہمارے جسم کا ایسا حصہ ہے جس کو عمر بڑھنے سے آنے والی تنزلی سے تحفظ دینے میں کبھی تاخیر نہیں ہوتی بلکہ آپ کسی بھی عمر میں ایک عادت سے اپنے دماغ کو جوان رکھ سکتے ہیں۔
ایک حالیہ تحقیق کے مطابق اگر عمر بڑھنے کے ساتھ دماغ کو جوان رکھنا چاہتے ہیں تو دوپہر میں کچھ دیر کی نیند کو عادت بنالیں۔
جی ہاں، تحقیق میں بتایا گیا کہ دوپہر کو مختصر قیلولہ کی عادت عمر بڑھنے کے ساتھ دماغی حجم میں آنے والی کمی کی رفتار سست کرتی ہے۔
اس تحقیق میں دوپہر کو سونے کے عادی افراد کی دماغی صحت کا موازنہ اس عادت سے دور رہنے والوں سے کیا گیا۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ قیلولہ کرنے والے افراد کا دماغ دیگر کے مقابلے میں 2.6 سے 6.5 سال تک جوان ہوتا ہے۔
محققین کے مطابق دوپہر کو مختصر نیند ہماری دماغی صحت کو درست رکھنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قیلولے اور بڑے دماغی حجم کے درمیان تعلق دریافت کیا گیا ہے، کچھ افراد میں یہ اثر دیکھنے میں نہیں آیا تو اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔
